0
Tuesday 3 Mar 2020 20:40

گلگت, خاتون میں کرونا وائرس کی تصدیق، مجموعی تعداد 3 ہوگئی، پاک چین سرحد غیر معینہ مدت کیلئے بند

گلگت, خاتون میں کرونا وائرس کی تصدیق، مجموعی تعداد 3 ہوگئی، پاک چین سرحد غیر معینہ مدت کیلئے بند
اسلام ٹائمز۔ گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے تین افراد میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوگئی ہے، جن میں سے ایک گلگت اور دو مریض اسلام آباد میں زیر علاج ہیں۔ کرونا وائرس کی ملکی و غیر ملکی موجودہ صورتحال کے پیش نظر یکم اپریل سے کھلنے والی پاک چین سرحد کو بھی غیر معینہ مدت کے لئے بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ منگل کے روز محکمہ صحت کے سیکرٹری راجہ رشید علی اور کمشنر گلگت ڈویژن عثمان احمد نے گلگت میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ گلگت سونیکوٹ سے تعلق رکھنے والی 45 سالہ خاتون میں وائرس کی تصدیق ہوگئی، جس کے بعد وائرس سے متاثر ہونے والے جی بی کے افراد کی تعداد تین ہوگئی ہے۔ متاثرہ خاتون دو فروری کو ایران گئی اور 25 فروری کو واپس علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور پہنچی، راولپنڈی سے وہ بذریعہ مسافر بس گلگت پہنچی۔ انہوں نے کہا کہ اسی دوران محکمہ صحت کو اطلاع ملی کہ ایک خاتون ایران سے آئی ہے اور اس کی طبیعت ٹھیک نہیں ہے، جس پر محکمہ صحت نے انہیں ہسپتال منتقل کیا اور سیمپلز اسلام آباد روانہ کر دیئے۔

رپورٹ میں کرونا وائرس کی تصدیق کر دی گئی ہے۔ خاتون سے ملنے والے مزید چار افراد سمیت افراد کے سیمپلز لیے گئے ہیں۔ خاتون مریضہ راولپنڈی سے جس بس میں گلگت آئی تھی، اس بس کے مسافروں کو ٹریس کیا گیا، جن میں سے 8 مشتبہ افراد کو سی ایم ایچ میں قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں تمام تعلیمی اداروں کو 7 مارچ تک بند رکھنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے اور فیڈرل بورڈ کے زیر اہتمام 4 سے 6 مارچ تک ہونے والے میٹرک کے پرچے بھی ملتوی کئے گئے ہیں، چھٹیوں کے دوران سکول کھلے رکھنے والے نجی تعلیمی اداروں کی رجسٹریشن منسوخ کی جائے گی۔ منگل کے روز کھلے رکھے گئے پرائیویٹ تعلیمی اداروں کا ڈیٹا جمع کیا گیا ہے، تاکہ ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جا سکے۔ دوسری جانب عوامی اجتماعات پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔
خبر کا کوڈ : 848198
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش