0
Thursday 12 Mar 2020 19:21

سیدہ زینبؑ نے امام حسین علیہ السلام کی ترجمانی کا حق ادا کر دیا، فرح ناز

سیدہ زینبؑ نے امام حسین علیہ السلام کی ترجمانی کا حق ادا کر دیا، فرح ناز
اسلام ٹائمز۔ منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی صدر فرح ناز نے کہا ہے کہ کوئی زبان اور قلم اس شجاعت و استقامت اور صبر و استقلال کو بیان نہیں کر سکتی جس کا مظاہرہ سیدہ زینب سلام اللہ علیہا نے کربلا میں کیا، جن مشکلات اور صدمات کو آپؑ نے صبر و تحمل سے برداشت کیا اس کی کوئی مثال نہیں، سیدہ زینب سلام اللہ علیہا اور ذکر اہل بیت نے ساری دنیا کے مسلمانوں کو متحد اور یکجا کیا ہے، آج کی عورت عقیلہ بنی ہاشم سیدہ زینب سلام اللہ علیہا کے اسوہ کی خیرات کے بغیر کامیابی و ترقی حاصل نہیں کر سکتی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاون لاہور میں ’’سیدہ زینبؑ کے نقوش سیرت اور دعوت فکر‘‘ کے عنوان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سیدہ زینب سلام اللہ علیہا نے امام حسین علیہ السلام کی ترجمانی کا حق ادا کر دیا، سیدہ زینب سلام اللہ علیہا نے حق کیلئے وقت کے یزیدوں کو للکارا، سیدنا علی علیہ السلام کی بیٹی نے جراَت و بہادری، صبر و استقامت کا پہاڑ بن کر ظالم اور جابر حکمرانوں کا مقابلہ کیا، جب سیدہ زینب سلام اللہ علیہا تنہا رہ گئیں اور ان کیساتھ اسیروں کا قافلہ تھا جبکہ مقابلے میں ظالم دشمنوں کا ٹھاٹھیں مارتا سمندر تھا، سلام پیش کرتے ہیں سیدہ زینب سلام اللہ علیہا کے صبر کو انہوں نے سفاکیت اور بربریت کے دور میں کمال تحمل اور برداشت کا مظاہرہ کر کے دنیا کو یزیدی دہشتگردی اور حسینی امن پسندی کا فرق بتا دیا۔

فرح ناز نے کہا کہ آج سیدہ زینب سلام اللہ علیہا کے اسوہ پر چلنے والی، ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کی ضرورت ہے، سیدنا امام حسین علیہ السلام نے سیدہ زینب سلام اللہ علیہا کو ہر موقع پر اپنے ساتھ رکھا، نئی نسل کو مقام اہلبیت کے آداب سیکھانا پوری امت مسلمہ کی ذمہ داری ہے، سیدہ زینب سلام اللہ علیہا نے اپنے بیٹوں عون و محمد کو کربلا میں قربان کرکے پوری انسانیت کو قربانی و ایثار کا درس دیا۔ فکری نشست سے سدرہ کرامت، انیلہ ڈوگر، عائشہ مبشر، ام حبیبہ نے بھی خطاب کیا، جبکہ اس موقع پر منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی، صوبائی، ضلعی رہنماوں کیساتھ ساتھ خواتین کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔
خبر کا کوڈ : 849948
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش