0
Friday 20 Mar 2020 18:52

سندھ، عوام کو 3 روز تک گھروں میں مکمل آئسولیشن میں رہنے کی ہدایت

سندھ، عوام کو 3 روز تک گھروں میں مکمل آئسولیشن میں رہنے کی ہدایت
اسلام ٹائمز۔ وزيراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کرونا وائرس سے بچاؤ کیلئے بڑا اعلان کر دیا، عوام کو آئندہ 3 روز کیلئے مکمل طور پر گھروں ميں آئيسوليشن ميں رہنے کی ہدایت کر دی۔ ان کا کہنا ہے کہ عوام کی صحت اور زندگی سب سے اہم ہے، لوکل ٹرانسمیشن کے کیسز بڑھ کر 51 ہوگئے، جو تشویشناک ہے، گھروں میں رہنا سب کیلئے ضروری ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت کراچی میں کرونا وائرس سے بچاؤ کیلئے قائم اسپیشل ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا، جس میں فیصلہ کیا گیا کہ صوبہ بھر میں عوام کو 3 روز کیلئے مکمل طور پر گھروں میں رہنے کی ہدایت کی جائے۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ عوام 3 دن مکمل طور پر گھروں ميں آئيسوليشن ميں رہیں، آپ کا گھروں ميں رہنا سب کيلئے ضروری ہے۔ سیکریٹری ہیلتھ نے اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سکھر فیز 2 کے 402 اور لاڑکانہ کے 83 ٹیسٹ کے نمونے آنا ابھی باقی ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ کا اس موقع پر کہنا تھا کہ لوکل ٹرانسمیشن کے کیسز 51 ہوگئے، اصل پریشانی لوکل ٹرانسمیشن کے بڑھتے کیسز ہیں، عوام کو اس لئے اپیل کر رہا ہوں کہ خدارا گھروں میں رہیں، یہ سب کیلئے ضروری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سرکاری اسپتالوں ميں آج 1874 مشتبہ افراد رپورٹ ہوئے، جن میں 21 کے ٹیسٹ لئے گئے، جبکہ نجی اسپتالوں میں بھی 702 مشتبہ مریض آئے، جہاں 5 افراد کے ٹیسٹ کئے۔ اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے یہ بھی بتایا گیا کہ 31 پروازوں کے ذريعے 3 ہزار 710 مسافر آئے، جن میں 4 مشتبہ مسافروں کے نمونے کرونا ٹیسٹ کیلئے لئے گئے۔ سندھ میں کرونا کیسز کی تعداد 238 تک پہنچ چکی ہے، جبکہ ملک بھر میں 470 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوگئی۔ پنجاب میں کرونا کیسز کی تعداد 96، خیبرپختونخوا میں 23، بلوچستان میں 81، گلگت بلتستان 21، اسلام آباد میں 10 اور آزاد کشمیر میں کیس رپورٹ ہو چکا ہے۔
خبر کا کوڈ : 851559
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش