0
Sunday 22 Mar 2020 19:41

زائرین کیساتھ افسوسناک برتاو پر ملت اسلامیہ میں سخت اضطراب پایا جاتا ہے، علامہ افضل حیدری

زائرین کیساتھ افسوسناک برتاو پر ملت اسلامیہ میں سخت اضطراب پایا جاتا ہے، علامہ افضل حیدری
اسلام ٹائمز۔ وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے سیکرٹری جنرل علامہ محمد افضل حیدری نے کرونا وائرس پر حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے زائرین کیساتھ بدسلوکی کی مذمت کی۔ انہوں نے امیرالمومنین حضرت علی علیہ السلام کے فرمان کی روشنی میں اللہ تعالیٰ سے رجوع کرنے کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح دینی مسائل اور امور شرعیہ میں مجتہد کے حکم اور فتویٰ پر عمل واجب ہے، اِسی طرح صحت سے متعلق امور میں ڈاکٹر کی ہدایات پر عمل کرنا بھی لازم و ضروری ہے۔ لہٰذا کرونا وائرس پر طبی ماہرین اور حکومتی اداروں کی طرف سے بتائی گئی احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں۔ علی مسجد جامعۃ المنتظر لاہور میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گذشتہ چند دنوں سے عراق اور ایران سے آنیوالے زائرین کیساتھ افسوسناک برتاو پر ملت اسلامیہ میں سخت اضطراب پایا جاتا ہے، سکھر اور ڈیرہ غازی خان کے قرنطینہ کیمپوں میں زائرین کیساتھ مبینہ بدسلوکی کی تفصیلات منظر عام پر آچکی ہیں، ڈی جی خان میں زائرین کے مسائل پر وزیراعظم کو مقامی انتظامیہ نے بیوقوف بنایا۔

انہوں نے کہا کہ سکھر میں علماء اور قومی تنظیموں کیساتھ نامناسب رویہ اختیار کیا گیا، یہ سب ناقابل برداشت ہے، تفتان سے اندرون ملک منتقل کیے جانیوالے سینکڑوں زائرین کیساتھ بھی نہایت نامناسب سلوک کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔ کیمپوں میں غذا اور ادویات کے حوالے سے بھی صورتحال غیر تسلی بخش ہے، حکومت اس کا نوٹس لے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا اور سیاستدانوں کی طرف سے ایران اور زائرین کا ذکر نامناسب انداز سے کرنے کی بھی ہم مذمت کرتے ہیں۔ علامہ محمد افضل حیدری نے کہا کہ ترکی، سعودیہ اور دیگر ممالک سے بھی کرونا کے مریض ملک میں آئے ہیں، اس چیلنج کا قومی یکجہتی سے مقابلہ کیا جائے، اِسے مسلکی تعصب کا رنگ دینا کسی صورت درست نہیں۔ انہوں نے کہا کہ شیعہ تنظیموں اور قومی سماجی رضاکاروں نے حکومت کو زائرین کی خدمت، سہولت اور علاج معالجہ کیلئے اپنے تعاون کی پیشکش کی ہے۔
خبر کا کوڈ : 851955
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش