0
Thursday 26 Mar 2020 20:14
بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر اسکریننگ کے بہتر انتظامات نہ ہو سکے

شرکائے تبلیغی اجتماع بغیر اسکریننگ گھر روانہ ہونے سے کورونا وائرس کے خدشات بڑھے، علامہ ساجد نقوی

شرکائے تبلیغی اجتماع بغیر اسکریننگ گھر روانہ ہونے سے کورونا وائرس کے خدشات بڑھے، علامہ ساجد نقوی
اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس بین الاقوامی انسانی المیہ ہے اور یہ وبائی مرض ہے، جس نے 195 ممالک کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے، اس معاملے پر متحد ہوکر نمٹنے کی ضرورت ہے، اجتماعات سے گریز کرتے ہوئے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ اپنے ایک بیان میں علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ لاک ڈاؤن کے دوران غرباء و مساکین اور مزدور طبقے کا خصوصی خیال رکھا جائے، مخیر حضرات بھی آگے آئیں، پاکستان میں اس وائرس کے پھیلاؤ کے اسباب مختلف ہیں، بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر اسکریننگ کے بہتر انتظامات نہ ہو سکے، عمرہ سمیت دیگر مصروفیات کے بعد وطن واپس آنیوالے افراد کو کسی بھی وجہ سے ائرپورٹ سے گھر جانے دیا گیا، اسی طرح ایران سے تفتان کے ذریعے واپس آنیوالے زائرین اور کاروباری حضرات کو ایک جگہ اکٹھا کیا گیا اور مناسب اقدامات نہ اٹھائے جا سکے، جس کے باعث صحت مند افراد میں بھی اس وائرس کے خدشات بڑھے۔

علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ فیصل آباد سینٹر میں منتقل کیے جانے والے افراد تمام کے تمام زائرین نہیں ہیں، بلکہ ان میں سے 100 کے قریب افراد غیر قانونی طور پر سرحد پار کرنے والے ڈی پورٹ شدہ افراد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تبلیغی جماعت کے ہزاروں کے اجتماع کو یکدم ختم کرنے کے ساتھ اسکریننگ وغیرہ کسی اقدام کے بغیر ہی گھروں کو جانے دیا گیا، جو پورے ملک میں پھیل گئے، جس کی وجہ سے کورونا وائرس کے خدشات بڑھے، چنانچہ اسلام آباد کے نواحی علاقے میں کیس رپورٹ ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ اس موقع پر مخیر حضرات کو بھی اس حوالے سے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، اپنے اردگرد غربا، مساکین اور مزدور طبقے کا خصوصی خیال رکھا جائے، اشیائے ضروریہ کے ساتھ ماسک، سینیٹائزرز وغیرہ غریبوں کو عطیہ کرکے ان کے گھروں تک پہنچائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام اجتماعات سے گریز کرتے ہوئے احتیاطی تدابیر اختیار کریں، پاکستان ان شاء اللہ اس مشکل وقت میں سرخرو ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 852815
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش