0
Sunday 29 Mar 2020 05:18

ملکی و غیر ملکی پروازیں معطل، سرحدیں بھی بند کردی گئیں

ملکی و غیر ملکی پروازیں معطل، سرحدیں بھی بند کردی گئیں
اسلام ٹائمز۔ قومی رابطہ کمیٹی نے کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے 4 اپریل تک اندرون وبیرون ملک ایئر ٹریفک معطل اور دو ہفتوں تک مشرقی و مغربی سرحدیں بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اسلام آباد میں صحافیوں کو قومی رابطہ کمیٹی کے فیصلوں سے آگاہ کرتے ہوئے وزیر اعظم کے مشیر قومی سلامتی معید یوسف کا کہنا تھا کہ 29 مارچ سے چار اپریل تک باہر جانے والی پروازوں پر بھی ممانعت اور ایئر ٹریفک کو بند رکھا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ رابطہ کمیٹی نے مشرقی اور مغربی سرحد مزید دو ہفتے بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بھارت، ایران اور افغانستان کے ساتھ سرحد بند رہے گی اور اس پابندی کا اطلاق کرتارپور راہداری پر بھی ہوگا۔ اسلام آباد سے گلگت اور اسکردو کے علاوہ اندرن ملک پروازیں بھی معطل رہیں گی۔ تھائی لینڈ میں پھنسے پاکستان آج رات پاکستان پہنچ جائیں گے۔

وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے بتایا کہ ملک میں مجموعی طور پر 7180 افراد کو قرنطینہ میں رکھا گیا ہے جن میں زیادہ تعداد زائرین کی ہے۔ حکومت کی جانب سے ملک میں 14 لیبارٹریزپی سی آرٹیسٹ کی سہولت فراہم کر رہی ہیں۔ انہوں ںے کہا کہ کورونا وائرس کی تشخیص کیلئے پی سی آر ٹیسٹ کو سب سے مستند مانا جاتا ہے تاہم پی سی آرٹیسٹ کرنے کی درجہ بندی کر دی ہے اس وقت صرف سانس کی بیماری کا علامات رکھنے والوں، کورونا وائرس سے متاثرہ ممالک میں وقت گزارنے والوں یا کورونا مریض کے ساتھ وقت گزارنے والوں کو پی سی آر ٹیسٹ کرانا چاہیے۔ لوگ خوف کا شکار ہیں اور اپنے ٹیسٹ کرانا چاہتے ہیں اور سفارشیں کرواتے ہیں، ٹیسٹ کیلئے سفارشوں سے نقصان ہو گا۔ ہر شخص کے لیے پی سی آر ٹیسٹ کرانا ضروری نہیں۔

چیئرمین نیشنل ڈزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ چین سے 8 ڈاکٹرز کی ٹیم اسلام آباد پہنچ گئی ہے، ووہان سے آنے والی پرواز میں 15 وینٹی لیٹرز ہوں گے، این ڈی ایم اے نے 679 وینٹی لیٹرز کا آرڈر دیا ہے، مختلف ممالک سے وینٹی لیٹرز جلد پہنچ جائیں گے۔ کارگو طیارے سے 30 ہزار ٹیسٹنگ کٹس کراچی پہنچ چکی ہیں۔ لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل کا کہنا تھا کہ  چاہتے ہیں ملک میں لیبارٹریز کی تعداد 40 سے 50 ہو جائے۔ کراچی میں 2 لیبارٹریز بنائی جائیں گی، 2 ٹیسٹنگ مشین آزاد کشمیر کے حوالے کر دی گئیں، خیبرپختونخوا میں بھی نئی لیبارٹریز بنائی جائیں گی۔ اس کے علاوہ گوجرانوالہ، گجرات، ڈیرہ اسماعیل خان میں لیبارٹریز بنائی جائیں گی۔ ملک میں لیبارٹریز کی تعداد 14 سے 24 تک لے کر جائیں گے۔
خبر کا کوڈ : 853316
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش