0
Thursday 2 Apr 2020 18:21

سندھ میں کورونا وائرس کی مقامی منتقلی پچاس فیصد سے زائد ہوگئی

سندھ میں کورونا وائرس کی مقامی منتقلی پچاس فیصد سے زائد ہوگئی
اسلام ٹائمز۔ سندھ میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 676 ہوگئی جس میں کراچی میں 274 اور مقامی ٹرانسمیشن کے 338 شامل ہیں جو مجموعی تعداد کا 50 فیصد ہیں۔ یہ بات وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت یہاں وزیراعلیٰ ہاؤس میں کورونا وائرس ٹاسک فورس کے اجلاس میں سامنے آئی۔ اجلاس میں صوبائی وزراء سید ناصر شاہ، ڈاکٹر عذرا پیچوہو، سعید غنی، امتیاز شیخ، مشیر مرتضی وہاب، وزیراعلیٰ سندھ کے کوآرڈینیٹر حارث گذدر، چیف سیکرٹری ممتاز شاہ، ڈی جی رینجرز میجر جنرل عمر بخاری، آئی جی سندھ مشتاق مہر، کور 5 کے بریگیڈیئر سمیع، سیکریٹری داخلہ عثمان چاچڑ، انڈس اسپتال کے ڈاکٹر باری اور آغا خان کے ڈاکٹر فیصل، محکمہ صحت کے فوکل پرسن زاہد عباسی نے شرکت کی۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ اب تک 6578 نمونوں کی جانچ کی گئی ہے، ان میں سے 5742 منفی اور 676 مثبت پائے گئے، ان 676 کیسز میں سے 373 کراچی میں، 265 سکھر میں، ایک دادو میں، حیدرآباد میں 128، لاڑکانہ میں 7، جامشورو میں 2 اور جیکب آباد میں ایک کیس رپورٹ ہوا ہے۔
صوبے میں مقامی منتقلی کے 343 کیسز ریکارڈ کئے گئے ہیں اور 63 کیسز میں سفری تاریخ ہے، اس وقت 229 افراد گھروں میں  آئسولیشن میں ہیں، سفری تاریخ اور مقامی منتقلی کے 27 مریض صحتیاب ہوگئے ہیں، 23 زائرین بھی صحت یاب ہوچکے ہیں اور 8 اموات ہوچکی ہیں جبکہ 47 افراد کراچی کے مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں اور دیگر 93 حیدرآباد میں زیر علاج ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ 276 کیسز میں سے مقامی منتقلی کے کیسز کی تعداد 338 ہے جو تشخیص کردہ کیسز کا 50 فیصد بنتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ مقامی منتقلی کی شرح میں مزید اضافہ ہو رہا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ کو یہ بھی بتایا گیا کہ سرکاری اسپتالوں میں نمونیا کے 1874 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ ان میں سے 124 کے کورونا کے ٹیسٹ کئے گئے اور نجی اسپتالوں میں 702 کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ ان میں سے 27 کے ٹیسٹ کئے گئے ہیں۔ حکومت نمونیا کے شدید کیسز پر توجہ دے رہی ہے تاکہ COVID-19 کے کیسز کا  پتہ لگایا جاسکے، سندھ حکومت نے 57562 افراد کی اسکریننگ کی ہے ان میں سے 6578 مشتبہ افراد ہیں اور محکمہ صحت نے ان 6578 مشتبہ افراد کے نمونے لئے ہیں، ان میں سے 676 کے ٹیسٹ کے نتائج مثبت آئے ہیں جبکہ 160 کے نتائج کا انتظار ہے۔
خبر کا کوڈ : 854080
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش