0
Thursday 2 Apr 2020 10:43

نوشہرہ میں کورونا سے خاتون جاں بحق

نوشہرہ میں کورونا سے خاتون جاں بحق
اسلام ٹائمز۔ نوشہرہ میں کورونا وائرس سے پہلی ہلاکت سامنے آگئی۔ نوشہرہ کے علاقے ڈاگی خیل سے تعلق رکھنے والی 85 سالہ خاتون تاج بی بی قاضی میڈیکل کمپلکس میں دم توڑ گئی جن میں کورونا وائرس کی پہلے ہی تشخیص ہوگئی تھی اور پچھلے ایک ہفتے سے زیر علاج تھی۔ ڈپٹی کمشنر نوشہرہ شاہد خان کے مطابق تاج بی بی کی کورونا سے ہلاکت کے بعد گاؤں ہارون آباد کھنڈر کی تین گلیوں کو قرنطینہ کیا گیا ہے اور علاقے میں مشتبہ افراد کے ٹسٹ بھیجے جائیں گے۔ اس دوران قاضی میڈیکل کمپلیکس کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عارف نے کہا کہ اس عورت کو پہلے سے ہی پھپھڑوں کا مسئلہ بھی تھا لیکن ان میں کورونا وائرس کا ٹسٹ بھی مثبت آیا ہے، جبکہ ان کے قریبی رشتہ دار کو بھی علامات ظاہر ہونے پر آئسولیشن وارڈ میں رکھا گیا ہے۔

جاں بحق ہونے والی خاتون تاج بی بی نے چند دن پہلے پی اے ایف اصغر خان اکیڈمی رسالپور میں عمرہ سے واپس آنے والے رشتہ دار سے ملاقات کی تھی اور ان کے ساتھ رہی تھی جس پر ڈاکٹرز کو شک ہے کہ خاتون کو وائرس وہی سے لاحق ہوا ہے۔ ڈپٹی کمشنر نوشہرہ شاہد خان کے مطابق اس حوالے سے پاک فضائیہ کے اعلٰی افسران کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔ نوشہرہ کی ضلعی انتظامیہ کے مطابق خاتون کی تدفین مکمل ایس او پیز کے مطابق ٹی ایم اے نوشہرہ، ریسکیو 1122 اور ریونیو کے عملے نے کی ہے۔ نوشہرہ میں خاتون کی ہلاکت کے ساتھ صوبے میں اس وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 7 ہوگئی ہے، جبکہ مجموعی متاثرین 250 سے تجاوز کر چکی ہیں۔
خبر کا کوڈ : 854149
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش