0
Saturday 4 Apr 2020 11:04

کورونا وائرس سے حفاظتی اقدامات، ہائیکورٹ کا تحریری فیصلہ جاری

کورونا وائرس سے حفاظتی اقدامات، ہائیکورٹ کا تحریری فیصلہ جاری
اسلام ٹائمز۔ لاہور ہائیکورٹ کے پانچ رکنی لارجر بنچ نے کرونا سے بچاو کیلئے موثر حفاظتی اقدامات بارے عبوری تحریری حکم نامہ جاری کر دیا۔ عدالت کا حکومت کو تمام شہروں میں جراثیم کش سپرے کرنے اور متاثرہ افراد کو مالی امداد اور خوراک کی بلاامتیاز فراہمی یقینی بنانے کا حکم۔ تفصلات کے مطابق چیف جسٹس کی سربراہی میں پانچ رکنی لارجر بنچ نے عبوری تحریری فیصلہ جاری کیا۔ پانچ رکنی لارجر بنچ کے سربراہ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ محمد قاسم خان نے فیصلہ لکھوایا۔ لارجر بنچ نے ہائیکورٹ بار بہاولپور کی درخواست پر ستائیس مارچ کی سماعت کے حوالے سے سات صفحات کا عبوری تحریری حکم نامہ جاری کیا۔

تحریری فیصلے میں حکم دیا گیا ہے کہ کورونا وائرس کی تشخیص کیلئے لاہور اور ملتان میں خصوصی طور پر لیبارٹریز کا قیام عمل میں لایا جائے۔ کورونا سے بچاؤ کیلئے تمام شہروں میں بھی جراثیم کش سپرے کروایا جائے۔ لاہور، ملتان، ڈی جی خان، بہاولپور، فیصل آباد کے کورونا سنٹرز کیساتھ ساتھ دیگر مقامات پر بھی جراثیم کش سپرے کیا جائے۔ متاثرین میں مالی امداد اور خوراک کی فراہمی کیلئے یکساں پالیسی اپنائی جائے، مالی امداد اور خوراک کی فراہمی میں سیاسی یا سماجی تفریق نہ کی جائے۔ تحریری حکم نامہ میں مزید کہا گیا ہے کہ غلہ منڈیوں میں ایک خاص وقت میں ہجوم بڑھ جاتا ہے، کسی غفلت سے وباء بڑھ سکتی ہے، منڈیوں میں آنے جانیوالوں سکریننگ اور جراثیم سے پاک کرنے کے عمل کو یقینی بنایا جائے۔

فیصلے میں ہدایت کی گئی ہے کہ سماجی فیصلے کو برقرار رکھا جائے، چائینہ میں اپنائے گئے ماڈل پر عمل کرتے ہوئے دائرے میں کھڑے ہونے کا طریقہ اپنا جائے۔ عدالتی حکم نامہ میں کرونا وائرس کے مریضوں میں ڈیوٹی کرنیوالے ڈاکٹرز اور اداروں  کی بھی تعریف کی گئی ہے۔ عدالتی حکم نامہ میں حکومتی اقدامات کو بھی تسلی بخش قرار دیا گیا ہے۔ حکم نامہ میں کہا گیا ہے کہ کورونا وائرس سے بچاو کی ڈیوٹی پر مامور میڈیکل سٹاف، سول ڈیفنس اور دوسرے محکموں کے اہلکار قوم کی خدمت پر لگے ہوئے ہیں، ایڈیشنل اٹارنی جنرل کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے کورونا وائرس کے حوالے سے قیدیوں کو خصوصی معافی کی سمری صدر ہاکستان کو ارسال کی جائے گی۔

عدالت کو بتایا گیا کہ عدم  ادائیگی جرمانہ اور دیت والے قیدیوں کی رہائی کیلئے صوبائی حکومت خصوصی انتظامات کررہی ہے۔ قائم مقائم ایڈووکیٹ جنرل کے مطابق دیت جرمانہ سمیت دیگر قیدیوں کی رہائی کیلئے بیت المال اور مخیر حضرات کی معاونت حاصل کی جا رہی ہے۔ کرونا وائرس کے حوالے سے کام کرنیوالے حکومتی اہلکار، سماجی کارکن، قوم کی خدمت پر لگے ہوئے ہیں۔ فیصلہ میں کہا گیا ہے کہ ہم سب پر فرض ہے کہ ان افراد اور اداروں کیساتھ بھرپور تعاون کریں۔ گھر پر رہیں، حالات اجازت دیں تو کرونا ڈیوٹی کرنیوالوں کیساتھ شانہ بشانہ کام کریں۔ تحریری حکم نامہ میں کہا گیا ہے کہ میڈیا کا مثبت کردار بھی اہم ہے، کوئی غلط میڈیا رپورٹ افراتفری کا باعث بن سکتی ہے۔
خبر کا کوڈ : 854560
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش