0
Sunday 5 Apr 2020 22:04

کورونا سے متعلق بلاول زرداری اور سندھ حکومت کا مؤقف بھارتی وزیراعظم مودی جیسا ہے، ارباب غلام رحیم

کورونا سے متعلق بلاول زرداری اور سندھ حکومت کا مؤقف بھارتی وزیراعظم مودی جیسا ہے، ارباب غلام رحیم
اسلام ٹائمز۔ گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے مرکزی رہنماء و سابق وزیراعلیٰ ڈاکٹر ارباب غلام رحیم نے کہا ہے کہ کورونا سے متعلق بلاول زرداری اور پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت کا مؤقف بھارتی وزیراعظم مودی جیسا ہے کیونکہ مودی بھی اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول (ص) کا نام لینے والوں اور نماز پڑھنے والوں پر ظلم کرتا ہے، اسی طرح سندھ حکومت نے بھی اسی عمل کو دہراتے ہوئے نماز پڑھنے اور عبادت کرنے والوں کے لئے مساجد کے دروازے بند کروا دیئے ہیں، بجائے اس کے کہ ان دیندار لوگوں سے اس وباء کو ختم کرنے کے لئے اللہ تعالیٰ سے دُعائیں مانگی جائیں۔

ایک بیان میں ارباب غلام رحیم نے کہا کہ مراد علی شاہ اور اس کی سندھ حکومت تبلیغی جماعت اور زائرین کی بات کرکے دیندار لوگوں کو مزید تکالیف دے رہیں ہے، جس کی وہ سخت مذمت کر تے ہیں۔ ارباب غلام رحیم کے مطابق مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ تبلیغ کرنے اور زائرین کی وجہ سے کورونا بڑھ گیا ہے، یہ بات قطعی غلط ہے اگر ایسا ہوتا تو انگلینڈ کے وزیراعظم کورونا کا متاثر نہ ہوتا اور امریکا بھی اپنے ملک میں کورونا کی وجہ سے 2 لاکھ انسان مرنے کی پیشن گوئی نہ کرتا۔

انہوں نے کہا کہ سندھ میں سندھ حکومت کی نااہلی اور کورونا متاثرین کو سہولتیں نہ دینے کی وجہ سے کورونا زیادہ پھیلتا جا رہا ہے، سندھ میں زیادہ وقت لاک ڈاؤن ہونے کی وجہ سے عوام کی زندگی مفلوج ہوگئی ہے، بھوک بدحالی کی وجہ سے عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوتا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے بےسہارا و متاثرہ عوام کو راشن نہ پہنچا کر عوام دشمنی کا کھلا ثبوت دیا ہے، حسب معمول پیپلز پارٹی نے اپنے پیٹ بھرنے اور جیالا نواز پالیسی کو جاری ساری رکھتے ہوئے امداد کا راشن صرف اور صرف جیالوں کی نذر کردیا ہے جبکہ لاک ڈاؤن متاثرین عام لوگ راشن کے لئے ترس رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت اپنا روایتی عمل جاری رکھتے ہوئے اپنا نواز و پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکو مت کا فرض ہے کہ انصاف سے ہر متاثر کو راشن اور روزمرہ زندگی کی بنیادی سہولتوں کو یقینی بنائے، خدا کا خوف رکھے اور پکڑ سے ڈریں، سندھ کے عوام کو بے سہارا نہ چھوڑیں، جس طرح وفاقی حکومت نے عوام کے روزگار کی سہولت کے لئے لاک ڈاؤن میں نرمی کی ہے، اسی طرح سندھ حکومت بھی عوام کے روزگار اور سہولت کی خاطر لاک ڈاؤن میں نرمی کرے تاکہ کورونا اور لاک ڈاؤن کی وجہ سے مفلوج عوام کی زندگیاں دوبارہ بحال ہوسکیں۔
خبر کا کوڈ : 854869
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش