0
Wednesday 8 Apr 2020 22:44

صنعتکاروں کی سندھ حکومت سے صنعتوں کو تباہی سے بچانے کیلئے ایس او پیز بنانے کی اپیل

صنعتکاروں کی سندھ حکومت سے صنعتوں کو تباہی سے بچانے کیلئے ایس او پیز بنانے کی اپیل
اسلام ٹائمز۔ سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کے صدر سلیمان چاؤلہ نے سندھ حکومت سے اپیل کی ہے کہ صنعتوں کی بندش کے بجائے کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے ایس او پیز کو جلد از جلد حتمی شکل دی جائے، کیونکہ فیکٹریوں کی بندش کی وجہ سے صنعتکاروں کو شدید مالی بحران کا سامنا ہے، جس کی وجہ کورونا وائرس کی وبا کے باعث امریکا سمیت یورپی ممالک میں لاک ڈاؤن کے نتیجے میں برآمدی آرڈرز منسوخ ہونے اور غیر ملکی خریداروں کی جانب سے پرانے آرڈرز کی ڈلیوری فی الحال مؤخر کرنا ہے۔ اپنے ایک بیان میں سلیمان چاؤلہ نے کہا کہ صنعتکار برادری نے ہر مشکل وقت میں حکومت وقت کا ساتھ دیا اور اب بھی کورونا وائرس کی وبا کی روک تھام کیلئے سخت اقدامات کے باوجود ایک بار پھر حکومت کو اپنا تعاون پیش کیا اور لاک ڈاؤن کی پابندی کرتے ہوئے خطیر مالی نقصان کی پرواہ کیے بغیر صنعتوں کو تالے لگائے اور ورکرز کو گھر بیٹھے تنخواہیں ادا کیں، تاکہ کرونا کے پھیلاؤ کو روکنے کی حکومتی کوششوں کو مؤثر بنایا جا سکے۔

سلیمان چاؤلہ نے کہا کہ سوال یہ ہے کہ صنعتکار کب تک اپنی فیکٹریوں کو تالے لگا کر رکھیں، کیونکہ اگر خدانخواستہ کورونا سے صورتحال مزید سنگین ہوئی، تو صنعتیں تباہ ہو جائیں گی اور نہ سنبھلنے والا معاشی بحران پیدا ہوگا، لہٰذا حکومت ایسی حکمت عملی اختیار کرے، جس سے صنعتوں کا پہیہ گھومتا رہے اور لوگوں کو روزگار سے بھی ہاتھ نہ دھونا پڑے۔ انہوں نے سندھ حکومت سے درخواست کی کہ کورونا سے بچاؤ کے حوالے سے ایس او پیز کو جلد از جلد حتمی شکل دی جائے، تاکہ احتیاطی تدابیر اختیار کرکے صنعتوں میں پیداواری سرگرمیاں بحال کرنے کی راہ ہموار ہو سکے اور ورکرز کے روزگار کو تحفظ دیا جا سکے، بصورت دیگر بے روزگاری کا سیلاب آجائے گا اور ملکی برآمدات پر اس کے انتہائی منفی اثرات مرتب ہوں گے۔
خبر کا کوڈ : 855484
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش