0
Monday 13 Apr 2020 22:38

کورونا وبا سے پاکستان میں امریکا اور یورپ سے بھی بدتر حالات ہوسکتے ہیں، بلاول بھٹو

کورونا وبا سے پاکستان میں امریکا اور یورپ سے بھی بدتر حالات ہوسکتے ہیں، بلاول بھٹو
اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وبا کے باعث پاکستان میں امریکا اور مغربی یورپ سے بھی بری صورت حال ہو سکتی ہے۔ عالمی خبررساں ادارے اے ایف پی کو انٹرویو میں چیئرمین پی پی پی کا کہنا تھا کہ اس وباء کے پھیلنے کی ابتدا ہی سے ایک غلط احساس تحفظ کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ ہم اس حقیقت کو نظرانداز کر رہے ہیں کہ دنیا بھر میں یہ وباء کس قدر تیزی سے پھیل رہی ہے۔ وباء کی تیزی کا احساس نہ ہونے کی وجہ سے ہمیں بروقت ضروری اقدامات اٹھانے میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم صرف یہ امید نہیں کرسکتے کہ سب خود اچھا ہو جائے گا۔ اگر ہم اپنی تیاری نہ کریں تو پاکستان بہت خاموشی سے ایک تباہی کی صورت حال کی طرف جاسکتا ہے۔ پاکستان میں صحت کے ماہرین نے یہ تجویز دی تھی کہ پورے ملک میں سخت اقدامات کئے جائیں۔ ہم معیشت کو دوبارہ زندہ کر سکتے ہیں لیکن لوگوں کو دوبارہ زندہ نہیں کر سکتے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت صحت کے شعبے میں رقم مہیا کرنے کے لئے بھی تیار نہیں۔ پاکستان میں حفاظتی لباس اور طبی عملے کی کمی کے ساتھ ساتھ دیگر طبی آلات کی بھی قلت ہے۔ وفاقی حکومت کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے  سست روی سے فیصلے کر رہی ہے اور لاک ڈاﺅن سے متعلق بھی کوئی ٹھوس فیصلہ کرنے میں ناکام نظر آتی ہے۔
خبر کا کوڈ : 856482
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش