1
Thursday 16 Apr 2020 23:58
فلسطینی یوم اسراء

غاصب صیہونی رژیم کیطرف سے تاحال 10 لاکھ فلسطینی شہری قید کئے جا چکے ہیں، انجمن اسرائے فلسطین

غاصب صیہونی رژیم کیطرف سے تاحال 10 لاکھ فلسطینی شہری قید کئے جا چکے ہیں، انجمن اسرائے فلسطین
اسلام ٹائمز۔ گرفتار ہونے والے فلسطینی شہریوں کی دیکھ بھال کے ادارے انجمن اسرائے فلسطین نے فلسطین میں یوم اسراء کی مناسبت سے اعلان کیا ہے کہ غاصب صیہونی رژیم اسرائیل کی طرف سے سال 1967ء کے بعد سے تاحال 10 لاکھ فلسطینیوں کو قید کیا جا چکا ہے۔ فلسطین میں 17 اپریل کا دن 'یوم اسراء' کی مناسبت سے منایا جاتا ہے جس کے حوالے سے قیدیوں کے حقوق کی فلسطینی تنظیم انجمن اسرائے فلسطین نے غاصب صیہونی رژیم کے ہاتھوں قید کئے جانے والے فلسطینی شہریوں کے اعداد و شمار پر مبنی تازہ رپورٹ شائع کی ہے۔

ترک خبررساں ایجنسی کے مطابق انجمن اسرائے فلسطین نے اعلان کیا ہے کہ دنیا بھر میں پھیلتے کرونا وائرس کے باعث جاری سال فلسطین کے اندر یوم اسراء کے حوالے سے سوشل میڈیا پر ہی فعالیت کی جائے گی اور کسی قسم کا اجتماع منعقد نہیں کیا جائے گا۔ انجمن اسرائے فلسطین کے مطابق اس وقت غاصب صیہونی رژیم کی جیلوں میں قید فلسطینیوں کی تعداد 5 ہزار ہے جن میں 130 کمسن بچے بھی شامل ہیں۔ رپورٹ کے مطابق کمسن فلسطینی بچوں کو عوفر، مجدو اور الدامون نامی اسرائیلی جیلوں کے اندر غیر انسانی ماحول میں قید رکھا گیا ہے۔

انجمن اسرائے فلسطین کے مطابق غاصب صیہونی فوجیوں کی طرف سے سال 2020ء تک گرفتار کئے جانے والے فلسطینی قیدیوں میں سے 300 دائمی بیماریوں میں بھی گرفتار ہیں جبکہ 10 فلسطینی قیدی کینسر کا شکار ہیں۔ رپورٹ کے مطابق اسرائیل نے 51 فلسطینی قیدیوں کو 20 سال سے زائد کے عرصے سے قید کر رکھا ہے جن میں کریم و ماہر یونس اور نائل البرغوثی بھی شامل ہیں جو باالترتیب 38 اور 40 سال سے اسرائیلی جیلوں میں قید ہیں۔ انجمن اسرائے فلسطین کا کہنا ہے کہ اسرائیلی جیلوں میں موجود فلسطینی قیدیوں میں سے 541 کو عمر قید کی سزا دی گئی ہے جبکہ سال 1967ء سے اب تک 73 فلسطینی قیدی اسرائیلی شکنجوں کی وجہ سے، 67 طبی امداد نہ ملنے کے باعث، 75 قتل عمدی اور 7 اسرائیلی فوجیوں اور جیل کے محافظوں کی گولیوں کا نشانہ بن کر شہید ہو چکے ہیں۔

انجمن اسرائے فلسطین نے فسلطین کی خواتین قیدیوں کے اعداد و شمار بتاتے ہوئے کہا کہ سال 1967ء سے تاحال غاصب صیہونی رژیم 16 ہزار سے زائد فلسطینی خواتین کو اپنی قید میں رکھ چکی ہے جبکہ اس وقت اسرائیلی جیلوں میں قید فلسطینی خواتین کی تعداد 41 ہے جن میں سے 7 خواتین زخمی حالت میں موجود ہیں۔ انجمن اسرائے فلسطین نے خبرنگاروں کو بتایا کہ فلسطینی خواتین کو شمالی اسرائیل میں واقع الدامون نامی جیل میں قید کیا گیا ہے۔
 
خبر کا کوڈ : 857161
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش