1
Sunday 19 Apr 2020 22:55

امریکہ "وحشی مغرب" کے مانند ہو چکا ہے، ریاست ایلینوئے

امریکہ "وحشی مغرب" کے مانند ہو چکا ہے، ریاست ایلینوئے
اسلام ٹائمز۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے دوسرے ممالک اور امریکی ریاستوں کے خریدے گئے طبی سازوسامان کے ہتھیا لئے جانے کے اقدامات کے باعث اب خود امریکی ریاستوں کا بھی اپنی مرکزی حکومت سے اعتماد اٹھتا جا رہا ہے۔ امریکی میڈیا کے مطابق ٹرمپ کی فیڈرل گورنمنٹ کی طرف سے طبی سازوسامان کے ہتھیائے جانے کے خطرے کے باعث امریکہ کی مغربی ریاست ایلینوئے کے گورنر جے بی پریزکر نے مرکزی حکومت کو اندھیرے میں رکھتے ہوئے خفیہ پروازوں کے ذریعے چین سے طبی سازوسامان درآمد کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست ایلینوئے کے گورنر نے متعدد خفیہ پروازوں کے ذریعے چین سے ملین ہا ماسک، دستانے اور کرونا وائرس سے بچاؤ کا سامان درآمد کیا ہے۔

امریکی خبررساں ایجنسی بزنس انسائیڈر اور دوسری امریکی اخباروں کے مطابق ریاست ایلینوئے کے گورنر جے بی پریزکر نے درآمد کئے گئے طبی سازوسامان کے امریکی صدر کی طرف سے ہتھیا لئے جانے کے خوف سے امریکہ کی مرکزی فیڈرل گورنمنٹ کو اطلاع دیئے بغیر متعدد خفیہ پروازوں کے ذریعے چین سے طبی سازوسامان براہ راست درآمد کر لیا ہے۔ امریکی اخباروں نے لکھا ہے کہ ریاست ایلینوئے کے گورنر آفس سے ملنے والی مالی اسناد کے مطابق ریاست ایلینوئے نے فیڈرل حکومت کو اطلاع دیئے بغیر درآمد کئے جانے والے طبی سامان کے لئے چارٹر طیاروں کو تقریبا 9 لاکھ ڈالرز ادا کئے ہیں جبکہ درآمد کئے جانے والے سامان پر، جس میں وینٹیلیٹرز، سینیٹائزرز اور دوسرا طبی سامان شامل ہے، 1 ارب 740 کروڑ ڈالرز خرچ کئے ہیں۔

دوسری طرف امریکی ریاست ایلینوئے کے گورنر آفس کی پریس سیکرٹری جورڈن ابودایا کا کہنا ہے کہ کرونا سے بچاؤ کے طبی سازوسامان کے حصول میں امریکہ "وحشی مغرب" کے مانند ہو چکا ہے کیونکہ موجودہ غیراخلاقی صورتحال میں طبی سازوسامان کے خرید لئے جانے کے بعد اب اسے اپنی ریاست تک پہنچانا بھی ایک شاہکار اور غیرمعمولی اقدام بن چکا ہے۔ جورڈن ابودایا نے کہا کہ ریاست ایلینوئے کی طرف سے موجودہ امریکی صورتحال کے باعث فیصلہ کیا گیا ہے کہ مرکزی ٹرمپ حکومت کو لاعلم رکھتے ہوئے جاری و آئندہ ہفتوں میں مزید پروازیں چلائی جائیں گی جو درآمد کئے گئے طبی سامان کے ہمراہ براہ راست ریاست ایلینوئے میں ہی لینڈ کریں گی۔ امریکی ریاست ایلینوئے کے گورنر آفس کی پریس سیکرٹری کا کہنا ہے کہ خفیہ پروازوں کے ذریعے مرکزی امریکی حکومت سے بچا کر درآمد کئے جانے والے ماسکس، دستانے اور دوسرا طبی سازوسامان اُس ریاستی عملے تک پہنچایا جاتا ہے جسے اس سامان کی اشد ضرورت ہے۔
خبر کا کوڈ : 857695
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش