0
Saturday 25 Apr 2020 00:14

جماعت اسلامی اور الخدمت نے مسالک و مذہب کی تفریق سے بالاتر ہوکر ملک کی خدمت کی، لیاقت بلوچ

جماعت اسلامی اور الخدمت نے مسالک و مذہب کی تفریق سے بالاتر ہوکر ملک کی خدمت کی، لیاقت بلوچ
اسلام ٹائمز۔ نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے جنرل ہسپتال میں ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن اور گلاب دیوی ہسپتال کے ایم ایس سے ملاقات کی۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی ڈاکٹر ذکر اللہ مجاہد، الخدمت فاﺅنڈیشن وسطی پنجاب کے صدر اکرام الحق سبحانی، الخدمت فاﺅنڈیشن لاہور کے صدر عبدالعزیز عابد، قدیر شکیل اور دیگر رضا کار بھی موجود تھے۔ لیاقت بلوچ، ذکر اللہ مجاہد، اکرام الحق سبحانی، عبدالعزیر عابد نے ڈاکٹرز، پیرامیڈیکل سٹاف اور نرسز کے لیے میڈیکل کٹس اور گلوز کے عطیات دیئے۔ ینگ ڈاکٹر ایسوی ایشن اور ایم ایس گلاب دیوی ہسپتال نے جماعت اسلامی اور الخدمت فاﺅنڈیشن کا میڈیکل سٹاف کو حفاظتی سامان دینے پر اظہار تشکر کیا۔ لیاقت بلوچ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کرونا وباء کے خلاف ڈاکٹرز، نرسرز، پیرا میڈیکل سٹاف، فرنٹ لائن پر لڑ رہے ہیں، لیکن حکومت ان کی حوصلہ افزائی کرنے کی بجائے الٹا ان کو انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنا رہی ہے۔ جماعت اسلامی ینگ ڈاکٹرز کے تمام مطالبات کی مکمل تائید و حمایت کرتی ہے۔ حکمران ہوش کے ناخن لیں، وہ کرونا کے خلاف لڑیں نہ کہ ڈاکٹروں سے۔

لیاقت بلوچ نے ننکانہ صاحب میں ڈی ایم کیو ہسپتال، چرچ مسیح برادری، گوردوارہ، بابا گورونانک میں کورونا ریلیف سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ الخدمت فاﺅنڈیشن کی جانب سے حفاظتی کٹس، راشن کی فراہمی، جراثیم کش سپرے کے کاموں کی خدمات کو سراہا۔ لاہور میں ڈاکٹرز، نرسز، پیرا میڈیکل سٹاف کے احتجاجی بھوک ہڑتال کیمپ کا دورہ کیا اور خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وباء کے مقابلہ میں پوری قوم متحد ہے۔ ڈاکٹرز اور میڈیکل عملہ فرنٹ لائن پر برسرپیکار ہیں، لیکن لاک ڈاﺅن ہے یا نہیں کے الجھاﺅ میں قومی وحدت پارہ پارہ کر دی گئی ہے۔ حکومت، ریاست اور سیاست کی کشمکش میں کورونا وائرس بڑھ رہا ہے، انسان متاثر ہو رہے ہیں، حکومت بے حسی اور ہٹ دھرمی انتہاء پر ہے۔ تعلیم، صحت، سماجی خدمات اور اقتصادی بنیادیں بری طرح متاثر ہیں۔ پورا نظام ناکارہ و فرسودہ ثابت ہوگیا ہے۔ ڈاکٹرز پیرا میڈیکل سٹاف کو حفاظتی سہولیات نہ دینا سنگ دلی اور حکومت کی کورونا دوستی کا مظہر ہے۔ ہم ڈاکٹرز، نرسز، پیرا میڈیکل سٹاف کے مطالبات کو جائز مانتے ہیں۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ خدمت اور سیاست دو الگ میدان ہیں، لیکن جو خدمت میں ناکام ہیں، وہ سیاست اور اقتدار میں بھی ناکام اور خدمت کے محاذ پر کامیاب ہی سیاست اور معیشت کو بحرانوں سے نکال سکتے ہیں۔ جماعت اسلامی اور الخدمت فاﺅنڈیشن نے بلاامتیاز مسلم، غیر مسلم، مسالک و مذہب کی تفریق سے بالاتر ہو کر ملک کی خدمت کی ہے۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ گندم خریداری پر حکومتی انتظامات اور پابندیوں سے کسانوں کے مسائل و شکایات بڑھ گئی ہیں۔ حکومت خریداری کی آڑ میں کسانوں کی فوڈ سکیورٹی کو پامال نہ کرے۔ پارلیمنٹ صوبائی اسمبلیوں کا نظام معطل ہے۔ بجٹ سازی کا معاملہ آئینی بحران کا شکار ہے۔
خبر کا کوڈ : 858785
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش