0
Monday 27 Apr 2020 21:40

حکمران اور عوام علامہ اقبال و قائداعظم کے اصولوں کی دل و جان سے پاسداری کریں، آغا حامد موسوی

حکمران اور عوام علامہ اقبال و قائداعظم کے اصولوں کی دل و جان سے پاسداری کریں، آغا حامد موسوی
اسلام ٹائمز۔ سرپرست اعلیٰ سپریم شیعہ علما بورڈ تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے سربراہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا ہے کہ نظریہ اساسی کا تحفظ اور دین و وطن کی حرمت ہمارا اوڑھنا بچھونا ہے، موجودہ تشویشناک صورتحال میں حکمران، سیاستدان اور پاکستان کے غیور عوام مفکر پاکستان علامہ اقبال اور بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کے اصولوں کی دل و جان سے پاسداری کریں اور دعا و مناجات کو حرز جاں بنالیں تو موذی کرونا سمیت تمام وبائوں اور بلائوں کو پاک دھرتی سے حرف غلط کی طرح مٹایا جاسکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مخدوم الملک باوا سید نزاکت حسین شاہ نقوی البھاکری مرحوم کے جانشین مخدوم سید التجا حسین نقوی کی چیف آرگنائزر تحریک تحفظِ ولاء و عزاء، حرمتِ سادات پاکستان نامزدگی کی توثیق کرتے ہوئے محدود پیمانے پر منعقدہ خصوصی تقریب دستار بندی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر تنظیم کے سینیئر ارکان، علمائے کرام، ذاکرین عظام، بانیان مجالس، مختلف درگاہوں، مزارات کے سجادہ نشینوں، ماتمی سالاروں، امام باگاہوں کے متولیان نے مخدوم التجا حسین نقوی کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

مخدوم التجا نقوی نے دستار بندی کے بعد اس عہد کا اعادہ کیا کہ وہ عقیدہ و وطن کی آبرو پر جان نچھاور کرنے سے بھی دریغ نہیں کریں گے اور اپنے برادرِ بزرگ مخدوم سید نزاکت حسین شاہ نقوی مرحوم کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے صرف اور صرف آغا سید حامد علی شاہ موسوی کے لائحہ عمل کے پابند ہونگے، جس کے تحت ولائے علیؑ، عزائے حسینؑ، حرمت ِسادت، احترام مرجعیت اور مرکزیت کے پاکیزہ اصولوں کیلئے عملی جدوجہد کو آگے بڑھانے کیلئے خلوص نیت کیساتھ بھرپور کوشش کریں گے اور مکتب تشیع کی واحد نمائندہ تنظیم تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کا قوت بازو بن کر بیرونی امداد پر پلنے والے کالعدم گروپوں اور انکے سہولت کاروں کو اساسی عقائد و نظریات کا حکومتی فورم سمیت کسی مقام پر بھی ہرگز سودا بازی کرنے کی اجازت نہیں دی جائیگی۔ انہوں نے وفاقی و صوبائی حکومتوں پر زور دیا کہ وہ سرکاری طور پر متعدد بار کیے گئے کالعدم گروپوں اور محراب و منبر کے غیر نمائندہ افراد کو سرکاری اجلاسوں میں مدعو کرنے سے اجتناب کریں، مکتب تشیع کی حقیقی نمائندگی کیلئے تحریک نفاذ فقہ جعفریہ پاکستان کیساتھ مربوط ہوں، جس کے سابق حکومتوں کیساتھ تحریری معاہدے ریکارڈ پر موجود ہیں، تاکہ مسائل کا صحیح ادراک اور انکے حل میں آسانی ہو۔
خبر کا کوڈ : 859349
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش