0
Monday 11 May 2020 02:40

پاک سرزمین پارٹی سندھ اور اس کے دارالخلافہ کراچی کی بقاء کی ضمانت ہے، مصطفیٰ کمال

پاک سرزمین پارٹی سندھ اور اس کے دارالخلافہ کراچی کی بقاء کی ضمانت ہے، مصطفیٰ کمال
اسلام ٹائمز۔ کارکنان گھر گھر رابطے تیز کر دیں، پاک سرزمین پارٹی سندھ اور اس کے دارالخلافہ کراچی کی بقاء کی ضمانت ہے، لسانی سیاست کے خاتمے اور دلوں کو جوڑ کر مختلف قومیت کے لوگوں کو قریب لانے کے لئے بےتحاشہ قربانیاں دی ہیں، تب آواز حق بلند کی جب ظالموں کے خلاف بولنے کی چھوٹی سے چھوٹی سزا موت تھی، تب ملک دشمن عناصر سے نہیں ڈرے تو اب ان ظالم حکمرانوں سے بھی نہیں ڈریں گے، وفاقی اور صوبائی حکومتیں اب بھی پوری طرح کورونا سے عوام کو بچانے کیلئے ایک لائحہ عمل پر متفق نہیں، عوام تذبذب کا شکار ہے۔ ان خیالات کا اظہار پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ پاکستان ہاؤس میں کراچی ڈویژن کے اراکین کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان کراچی سے منتخب ہوئے تھے لیکن وہ ایک روز کیلئے بھی یہاں نہیں آئے، اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ وہ قومی آمدنی کا 70 فیصد کما کر دینے والے اس شہر سے مخلص نہیں ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کو بھی اگر لوگوں کی جانوں کی پرواہ ہوتی تو کتوں کے کاٹنے کی وجہ سے معصوم بچوں کے مرنے کے پے درپے واقعات نہیں ہو رہے ہوتے، لاڑکانہ میں بچے کو کتے نے کاٹا اور اس نے کراچی آکر دم توڑا، اس بیچ اسے کہیں طبی امداد فراہم نہی کی جا سکی، ڈاکٹروں کی جگہ چوکیدار ایک ہی سرنج سے انجیکشن لگا کر ایڈز نہ پھیلا رہے ہوتے، کارکنان عوامی رابطے تیز کریں اور عوام تک یہ پیغام پہنچائیں کہ وہ جاگ مہاجر جاگ، روٹی، کپڑا، مکان اور وزیراعظم کراچی سے جیسے کھوکھلے نعرے سن کر ریوڑ کی طرح پیچھے چلنے کے بجائے کردار، کارکردگی اور صلاحیتوں کی بنیاد پر سیاسی وابستگی اختیار کریں اور انتخابات کا انتظار کرنے کے بجائے آج سے ہی ہمارے ساتھ جڑیں اور ہماری جدوجہد میں ہمارا ساتھ دیں۔
خبر کا کوڈ : 861890
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش