0
Monday 11 May 2020 22:01

جماعت اسلامی سندھ کے زیر اہتمام کراچی تا کشمور یوم بدر منایا گیا

جماعت اسلامی سندھ کے زیر اہتمام کراچی تا کشمور یوم بدر منایا گیا
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی سندھ کے تحت 17 رمضان المبارک کو یومِ بدر جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ حفاظتی تدابیر کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے حق و باطل کے پہلے معرکے یومِ بدر کے حوالے سے کراچی تا کشمور سندھ بھر میں اجتماعات منعقد کئے گئے، جن سے جماعت اسلامی کے مرکزی، صوبائی، ضلعی رہناﺅں کے علاوہ ممتاز علمائے کرام، دینی رہنماﺅں، علمی و ادبی شخصیات نے معرکہ بدر کے حوالے سے اظہار خیال کیا۔ صوبائی دفتر قباء آڈیٹوریم کراچی میں یوم بدر کے حوالے سے منعقدہ اجمتاع سے جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یومِ بدر کا واقعہ اہل ایمان کو بدی کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار کرتا ہے، یومِ بدر کا پیغام اللہ رب العالمین پر مکمل بھروسہ اور ایمان کے ساتھ ہی کامیابی حاصل کی جا سکتی ہے، نبی اکرم سے محبت اور وفاداری ہی کامیابی کی کلید قرار پاتی ہے، غزوہ بدر میں وسائل کے اعتبار سے انتہائی کمزور لوگوں نے بہت بڑے گروہ اور ہر قسم کے اسلحے سے لیس لشکر کو اپنی ایمانی قوت کی بنا پر شکست سے دوچار کیا۔

اس موقع پر صوبائی امیر صوبہ محمد حسین محنتی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غزوہ بدر اسلام و کفر کا پہلا معرکہ تھا، جس میں اللہ تعالیٰ نے حق کے قافلے کو فتح دلا کر اسلام کا بول بالا کیا، غزوہ بدر میں مومنوں کی فتح سے کفار کا غرور خاک میں مل گیا، غزوہ بدر نے رہتی دنیا تک کیلئے یہ سبق دیا کہ کامیابی مال و دولت، غرور و تکبر سے نہیں، بلکہ حق پر چلنے اور اللہ کی نصرت سے ملتی ہے، اس معرکہ میں اللہ تعالیٰ نے مومنین کی امداد کیلئے آسمان سے فرشتوں کو نازل کیا، جس کا اللہ تعالیٰ نے اپنے حبیب سے وعدہ کیا تھا۔ شہباز کالونی لاڑکانہ میں یومِ بدر کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی جنرل سیکریٹری کاشف سعید شیخ نے کہا کہ جنگ بدر سچائی کی خاطر ڈٹ جانے کا جذبہ فراہم کرتی ہے، یہ حق اور باطل کے درمیان امتیاز کی ایک تحریک کا نام ہے، سرور کونین اور صحابہؓ کرام نے اس وقت کے طاغوت کے دانت کھٹے کرکے بتا دیا کہ اسلام دبنے کیلئے نہیں آیا، غزوہ بدر رنگ و نسل اور ذات پات پر نہیں نظریات پر لڑی جانے والی جنگ ہے۔

کاشف سعید شیخ نے کہا کہ غزوہ بدر امت مسلمہ کی زبوں حالی کے خاتمہ کیلئے مشعل راہ ہے، فضائے بدر پیدا کیے بغیر امت مسلمہ وقار حاصل نہیں کر سکتی، دین کیلئے جان دینے کا جذبہ دین اسلام کے غلبہ کا سامان ہے۔ درایں اثنا سیٹھارجہ میں ممتاز حسین سہتو، حیدرآباد میں صوبائی نائب امیر حافظ نصراللہ عزیز، ٹنڈوالہیار میں صوبائی نائب قیم مولانا عبدالقدوس احمدانی، جیکب آباد مبارکپور میں صوبائی ڈپٹی جنرل سیکریٹری عبدالحفیظ بجارانی، سانگھڑ سنجھورو میں مذہبی اسکالر نواب زین لغاری سمیت ٹنڈوآدم، میرپورخاص، جھڈو، ٹھٹہ، بدین سمیت سندھ کے متعدد مقامات پر یومِ بدر کے حوالے سے اجتماعات سے مقررین نے خطاب کئے۔
خبر کا کوڈ : 862031
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش