0
Tuesday 26 May 2020 10:01

طیارہ حادثے کی تحقیقات کیلئے ایئربس ٹیم کراچی پہنچ گئی

طیارہ حادثے کی تحقیقات کیلئے ایئربس ٹیم کراچی پہنچ گئی
اسلام ٹائمز۔ کراچی میں پی آئی اے کے طیارے کے حادثے کی تحقیقات کے لیے ایئربس بنانے والی کمپنی کے ٹیکنیکل ایڈوائزر کی 11 رکنی ٹیم آج صبح کراچی پہنچ گئی ہے۔ ایئربس کمپنی کے ٹیکنیکل ایڈوائزرز فرانس کے جنوبی شہر ٹولائوس سے پاکستان کے لیے روانہ ہوئے تھے۔فرانسیسی ٹیکنیکل ماہرین نے خصوصی پرواز نمبر اے ای بی 1888 میں پاکستان کا سفر کیا۔ ایوی ایشن ذرائع کے مطابق ٹیکنیکل ایڈوائزرز کو لانے والی ایئر بس اے 330 نے صبح 6 بج کر 35 منٹ پر کراچی ایئرپورٹ پر لینڈ کیا۔ کراچی میں فرانسیسی قونصل خانے کے حکام، سول ایوی ایشن اور پی آئی اے کے افسران نے ٹیکنیکل ایڈوائزرز کا استقبال کیا، ٹیم کراچی ایئرپورٹ پر واقع ہوٹل میں قیام پذیر ہے۔ ٹیکنیکل ماہرین 22 مئی کو کراچی میں پرواز پی کے 8303 کی تباہی کی وجوہات کا کھوج لگائیں گے، ایئربس ماہرین طیارہ حادثے کی پاکستانی تحقیقاتی ٹیم سے مشاورت کریں گے۔

ذرائع کے مطابق طیارہ ساز کمپنی کی ٹیکنیکل ٹیم کے ارکان کراچی ایئرپورٹ کے رن وے 25 ایل کا معائنہ کریں گے جہاں پائلٹ نے اس پرواز کو گیئر کھلے بغیر لینڈ کرانے کی کوشش کی تھی۔ ٹیم کے ارکان پاکستانی تحقیقاتی حکام کے ہمراہ جائے حادثہ کا بھی دورہ کریں گے، تحقیقات کے لیے جائے حادثہ سے تباہ شدہ ایئربس کی باقیات کی منتقلی پہلے ہی روکی جا چکی ہے۔ ٹیم طیارہ کا بلیک باکس اور دیگر ضروری آلات اپنے ساتھ لے جائے گی۔ ایئربس انتظامیہ تحقیقات میں پی آئی اے اور پاکستانی تحقیقاتی ٹیم کو بھرپور تکنیکی معاونت فراہم کرے گی۔ ذرائع کے مطابق تحقیقات مکمل کر کے ٹیم آج رات کراچی سے فرانس روانہ ہو گی۔
خبر کا کوڈ : 864761
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش