0
Friday 29 May 2020 23:21

روزنامہ جہاں پاکستان انتظامیہ نے ملتان اسٹیشن بند کر دیا، ایم یو جے کی مذمت 

روزنامہ جہاں پاکستان انتظامیہ نے ملتان اسٹیشن بند کر دیا، ایم یو جے کی مذمت 
اسلام ٹائمز۔ ملتان یونین آف جرنلسٹس (ایم یو جے) نے روزنامہ جہان پاکستان کی انتظامیہ کی جانب سے ملتان اسٹیشن بند کرنے کے اقدام کو قابل مذمت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ کچھ عرصہ سے اخباری صنعت میں وارد "سیٹھوں" نے صحافت کی حرمت کو داغدار کر دیا ہے، جہان پاکستان انتطامیہ نے ملتان سے اخبار نکال کر تھوڑے عرصے میں ہی بند کر کے افسوس ناک قدم اٹھایا ہے، جس سے میڈیا ورکرز بے روزگار ہوئے ہیں۔ صدر ایم یو جے شکیل بلوچ، جنرل سیکرٹری شفقت بھٹہ، فنانس سیکرٹری رانا عرفان الاسلام، نائب صدر شاہد سٹھو، جوائنٹ سیکرٹریز محمود احمد چودھری، مجاہد سلطان، اراکین مجلس عاملہ شہزاد خان درانی، آغا شاہد عظیم، طارق انصاری، راو وسیم اختر، عمران عثمانی، احتشام الحق، چودھری سلیم سندھو، رانا منور، آصف مختار بلوچ اور بلال نیازی نے اپنے مذمتی بیان میں کہا ہے کہ جہان پاکستان کے ملتان اسٹیشن کو بند کر کے صحافیوں کا معاشی قتل کیا گیا ہے، تھوڑے ہی عرصے قبل جب جہان پاکستان ملتان اسٹیشن کا آغاز کیا گیا تو دیگر اداروں سے صحافیوں اور میڈیا ورکرز کو معقول پیشکش پر ملازمتیں دی گئیں اور اب جہان پاکستان انتظامیہ نے ملتان سے اپنا اخبار بند کر کے ان میڈیا ورکرز کے روزگار پر شب خون مارا ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔

ایم یو جے عہدیداران نے مذکورہ اخبار کے مالک سے مطالبہ کیا ہے کہ صحافت کی حرمت کو مقدم سمجھتے ہوئے ملتان اسٹیشن بند کرنے کی بجائے اسے جاری رکھا جائے، صحافت کو اپنے مفادات کے تحفظ کا ذریعہ نہ بنایا جائے۔ ایم یو جے کے عہدیداران نے کہا ہے کہ جہان پاکستان انتظامیہ نے ملتان اسٹیشن بند کر کے قابل مذمت اور تشویشناک قدم اٹھایا ہے، میڈیا ورکرز کو ملازمتوں سے نکال کر ظلم کیا جا رہا ہے، مذکورہ اخبار کے مالک اپنا مذموم فیصلہ واپس لیں۔
 
خبر کا کوڈ : 865504
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش