0
Monday 1 Jun 2020 08:40

دفعہ 370 اور 35 اے کی منسوخی بھارت کی سب سے بڑی غلطی تھی، ڈاکٹر شیخ مصطفٰی کمال

دفعہ 370 اور 35 اے کی منسوخی بھارت کی سب سے بڑی غلطی تھی، ڈاکٹر شیخ مصطفٰی کمال
اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس نے بھارتی حکومت کی جانب سے دفعہ 370 اور 35 اے کی منسوخی کو بھاجپا کا پہلے سال کی سب سے بڑی کامیابی قرار دینے کے بیان کو غیر حقیقت پسندانہ اور ملکی عوام کو گمراہ کرنے کی ایک مذموم کوشش قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام بھاجپا کی 7 سال کی حکومت کی سب سے بڑی غلطی اور ناکامی ثابت ہوا ہے۔ این سی کے معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفیٰ کمال نے ایک بیان میں مرکزی حکومت کے اس دعوے کو غیر حقیقت پسندانہ اور زمینی حقائق سے منہ چرانے کے مترادف قرار دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکمرانوں نے جموں و کشمیر کی خصوصی پوزیشن ختم اور اسے دولخت کرکے پورے خطے کو ایک آتش فشاں میں تبدیل کر ڈالا ہے جس کا لاوا کبھی بھی پھٹ کر تباہی اور بربادی کا سبب بن سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت دعویٰ کررہی ہے کہ خصوصی پوزیشن کے خاتمے کے بعد حالات سدھر رہے ہیں جبکہ حقیقت یہ ہے کہ یہاں کے حالات کو خصوصی پوزیشن ختم کرکے خراب کیا گیا اور 10 ماہ گزر جانے کے باوجود بھی مرکز یہاں انٹرنیٹ کی مکمل بحالی کرنے سے کترا رہا ہے۔ ڈاکٹر مصطفٰی کمال نے کہا کہ نئی دلی نے اپنے جموں و کشمیر کے لوگوں کو ہر سطح پر اندھیروں میں دھکیلنے کی کوئی بھی کسر باقی نہیں چھوڑی ہے۔ 5 اگست کے بعد کے اقدامات سے آج تک جموں و کشمیر مسلسل سیاسی، جمہوری، آئینی، اقتصادی بحران سے دوچار ہے بھارتی حکومت ملکی عوام کو گمراہ کرنے کے لئے جھوٹے اور من گھڑت بیانات جاری کررہی ہیں۔
خبر کا کوڈ : 865867
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش