0
Tuesday 2 Jun 2020 22:03

سندھ کے وزیر غلام مرتضٰی بلوچ کورونا وائرس کے باعث چل بسے

سندھ کے وزیر غلام مرتضٰی بلوچ کورونا وائرس کے باعث چل بسے
اسلام ٹائمز۔ سندھ کے صوبائی وزیر برائے کچی آبادی اور پیپلز پارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی غلام مرتضٰی بلوچ کورونا وائرس کے باعث انتقال کرگئے۔ ترجمان حکومتِ سندھ مرتضٰی وہاب کے مطابق رکن سندھ اسمبلی اور صوبائی وزیر غلام مرتضٰی بلوچ دو ہفتے قبل کورونا وائرس وبا کا شکار ہوئے تھے اور نجی اسپتال میں زیر علاج تھے، جہاں وہ وینٹی لیٹر پر منتقل کر دیئے گئے تھے۔ غلام مرتضی بلوچ سندھ حکومت کی جانب سے ملیر میں کورونا روک کی تھام کیلئے بنائی گئی ٹاسک فورس کے انچارج بھی تھے۔ سندھ اسمبلی کی ویب سائٹ کے مطابق غلام مرتضیٰ بلوچ 4 اگست 1964ء کو کراچی میں پیدا ہوئے۔ بی کام تک تعلیم حاصل کی۔ وہ 2002ء سے 2004ء اور 2005ء سے 2009ء تک گڈاپ ٹاؤن کے ناظم رہے۔ 2016ء میں پہلی بار صوبائی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے۔ 2017ء کے انتخابات میں انہوں نے ملیر کے صوبائی اسمبلی کے حلقے پی ایس 88 سے کامیابی حاصل کی۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے صوبائی وزیر کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ غلام مرتضٰی بلوچ کے دنیا سے رخصت ہونے پر شدید صدمہ ہوا، لاک ڈاؤن کے دنوں میں انہوں نے عوامی خدمت کا سلسلہ جاری رکھا، وہ ہر دور میں پاکستان پیپلز پارٹی کے ساتھ کھڑے رہے، ان کی بلندی درجات کیلئے دُعاگو ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بھی صوبائی وزیر کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مرتضی بلوچ محنتی اور بہادر کارکن تھے، ان کی کمی پوری نہیں کی جا سکے گی۔
خبر کا کوڈ : 866247
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش