0
Tuesday 16 Jun 2020 23:00

وزیراعظم کی گورنر سندھ سے ملاقات، ترقیاتی منصوبوں اور صوبے کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال

وزیراعظم کی گورنر سندھ سے ملاقات، ترقیاتی منصوبوں اور صوبے کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم عمران خان سے گورنر ہاؤس میں گورنر سندھ عمران اسماعیل نے ملاقات کی اور سندھ میں کورونا کی صورتحال طبی سہولیات کی فراہمی، وفاقی ترقیاتی منصوبوں اور صوبے کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ وفاقی وزیرعلی زیدی بھی ملاقات میں شامل تھے۔ وزیراعظم عمران خان نے ملاقات کے دوران کراچی سمیت صوبے بھر میں وفاق کے زیرانتظام ترقیاتی منصوبے جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کی ترقی پاکستان کی ترقی ہے، کراچی پاکستان کی معاشی سرگرمیوں کا مرکز ہے، کراچی سمیت سندھ کی ترقی کے لئے پوری محنت کر رہے ہیں، کراچی کی ترقی کا مطلب روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہے۔

گورنر سندھ نے وزیراعظم کو کراچی میں زیرتکمیل وفاقی ترقیاتی منصوبوں اور ان پر ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عالمی وباء کے ماحول میں فیصلے کرنا بہت مشکل ہوگیا ہے، مشکلات کے باوجود حکومت نے بہت ترقیاتی کام کئے ہیں، کراچی کی ترقی کے لئے ابھی بہت کچھ کرنا باقی ہے۔ وفاقی وزیر بحری امور علی زیدی نے وزیراعظم کو کراچی کو درپیش مسائل کے حل کے لئے مختلف اسٹیک ہولڈرز سے ہونے والی ملاقاتوں اور مشترکہ منصوبہ بندی لائحہ عمل سے آگاہ کیا۔

قبل ازیں وزیراعظم عمران خان سندھ کے دو روزہ درورے پر کراچی پہنچ گئے ہیں، کراچی پہنچنے پر گورنر سندھ عمران اسماعیل و دیگر نے وزیراعظم کا استقبال کیا، جبکہ وزیراعلیٰ سندھ وزیراعظم کے استقبال کیلئے ائیرپورٹ نہیں آئے، غیر رسمی طور پر سندھ حکومت کی جانب سے یہ مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران کے دورہ کراچی لاڑکانہ میں وزیراعلیٰ سندھ کو مدعو نہیں کیا گیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان سے بدھ کو تحریک انصاف کا وفد ملاقات کرے گا اور گورنر ہاؤس میں جی ڈی اے اور ایم کیم ایم پاکستان کا وفد بھی وزیراعظم سے ملاقات میں این ایف سی ایوارڈ میں سندھ کے حصے، اسٹیل ملز کی نجکاری، ٹڈی دل کے خاتمے اور کورونا وائرس سے نمٹنے کے معاملے پر تبادلہ خیال کرے گا۔

وزیراعظم عمران خان بدھ کو ایک دن کے دورے پر لاڑکانہ بھی جائیں گے جہاں وہ ہیلتھ پروفیشنلز کے علاوہ مختلف سیاسی اور سماجی شخصیات عمائدین سے ملاقاتوں کے علاوہ کورونا وائرس کے حوالے سے ایک اجلاس کی بھی صدارت کریں گے اور احساس پروگرام کے مرکزکا بھی دورہ کریں گے۔ وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی اور وفاقی وزیر برائے نجکاری میاں محمد سومرو، وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ اور احساس پروگرام کی چیئرپرسن ڈاکٹر ثانیہ نشتر بھی وزیراعظم کے ساتھ کراچی پہنچی ہیں۔ معاون خصوصی برائے اطلاعات عاصم سلیم باجوہ اور چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔
خبر کا کوڈ : 869035
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش