0
Wednesday 17 Jun 2020 19:38

ملتان، کورونا وائرس کے مریض ڈر کے مارے نشتر اسپتال نہیں آتے، ڈاکٹرز کا عدم سہولیات کا اعتراف

ملتان، کورونا وائرس کے مریض ڈر کے مارے نشتر اسپتال نہیں آتے، ڈاکٹرز کا عدم سہولیات کا اعتراف
اسلام ٹائمز۔ پنجاب میڈیکل ایسوسی ایشن ملتان کے صدر ڈاکٹر مسعود الروف ہراج نے کہا ہے کہ پی ایم اے نے ملتان میں بارہا موثر لاک ڈاون کرنے کا مطالبہ کیا لیکن اسے مسلسل نظرانداز کیا گیا، ملتان میں کورونا کے مریضوں میں شدت سے اضافہ ہوا ہے، ضلعی انتظامیہ کی غفلت کی وجہ سے کورونا روز بروز تیزی سے پھیل رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے ملتان پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر شاہد راو، ڈاکٹر ذوالقرنین اور دیگر بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر مسعود الروف نے مزید کہا کہ ملتان میں دو ہفتے کے لئے موثر لاک ڈاون کیا جائے اور نشتر ہسپتال میں کورونا وارڈز میں عملہ کی کمی پوری کی جائے، مریضوں کی زیادتی کی وجہ سے نشتر ہسپتال کے سات وارڈز کو کورونا وارڈز میں تبدیل کیا جا چکا ہے، انتظامیہ ہماری مشاورت کے بغیر مختلف وارڈز کو کورونا وارڈز میں تبدیل کر رہی ہے، دیگر امراض میں مبتلا مریضوں کے علاج میں مشکل کا سامنا رہے گا۔
 
پی ایم اے کے صدر کا مزید کہنا تھا کہ ڈی ایچ کیو اسپتال کو کورونا اسپتال میں تبدیل کیا جائے، اسی طرح کی پالیسیاں رہیں تو پورے نشتر کو کورونا اسپتال میں تبدیل کر دیا جائے گا، اس وقت ہمارے ڈاکٹرز 20، 20 گھنٹے ڈیوٹیاں کر رہے ہیں، اگر مکمل لاک ڈاون نہ کیا گیا تو مریضوں کی تعداد میں خوفناک حد تک اضافہ ہوگا، کورونا وائرس کے مریض ڈر کے مارے نشتر اسپتال نہیں آتے، نشتر اسپتال میں کورونا کے مریضوں کے لئے مطلوبہ سہولیات نہیں ہیں، نشتر اسپتال میں کورونا کے لئے صرف 11 وینٹی لیٹرز موجود ہیں، وینٹی لیٹرز کی کمی کو دور کیا جائے۔ 
خبر کا کوڈ : 869217
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش