0
Tuesday 23 Jun 2020 12:16

وزیراعظم نے میر افضل کو نگران وزیراعلیٰ گلگت بلتستان بنانے کی منظوری دیدی

وزیراعظم نے میر افضل کو نگران وزیراعلیٰ گلگت بلتستان بنانے کی منظوری دیدی
اسلام ٹائمز۔ گلگت بلتستان میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے کامیابی کے ساتھ اپنی پانچ سالہ مدت مکمل کر لی، 24 جون کو گلگت بلتستان اسمبلی تحلیل اور حکومت کی مدت ختم ہو جائے گی، جس کے بعد آئندہ عام انتخابات کے انعقاد کیلئے نگراں حکومت قائم ہوگی۔ وزیراعظم عمران خان نے سابق ڈی آئی جی پولیس میر افضل کو نگران وزیراعلیٰ گلگت بلتستان مقرر کرنے کی منظوری دیدی ہے، الیکشن کمیشن آف گلگت بلتستان میر افضل کی بطور نگران وزیراعلیٰ تقرری کا نوٹی فکیشن آج جاری کرے گا جبکہ پرسوں میر افضل اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔ نگران وزیراعلیٰ اپنی کابینہ بھی تشکیل دیں گے، جس کیلئے تقریباً نام فائنل ہوچکے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نگراں کابینہ میں معروف کوہ پیما ثمینہ بیگ سمیت سابق سیاستدان، ججز، ماہرین صحت اور صحافت کے شعبہ سے تعلق رکھنے والے افراد شامل کئے جانے کا امکان ہے۔ نگران کابینہ میں جسٹس (ریٹائرڈ) مظفر حسین کو وزیر قانون، معروف صحافی ایمان شاہ کو وزیر اطلاعات، سابق رکن جی بی اسمبلی دیدار علی کو وزیر بلدیات، شاہد عالم یا معروف کوہ پیما ثمینہ بیگ کو وزیر سیاحت، ڈاکٹر جلیل یا ڈاکٹر حسن اماچہ کو وزیر صحت، راجا نظیم وزیر خوراک، خوشی محمد طارق کو وزیر جنگلات مقرر کئے جانے کا امکان ہے۔ ان کے علاوہ بھی گلگت کے تمام اضلاع سے مزید شخصیات کے کایبنہ کا حصہ بنائے جانے کا امکان ہے۔ واضح رہے کہ آئینی طور پر نگران حکومت کو نوے روز کے اندر عام انتخابات کرانا ہے، تاہم کووڈ19 کے اس مشکل دور میں انتخابی مہم چلانا اور انتخابات کا انعقاد نگراں حکومت کیلئے کسی چیلنچ سے کم نہیں ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 870349
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش