0
Friday 26 Jun 2020 21:34

 جنوبی پنجاب کو الگ صوبہ بنانا پیپلزپارٹی کے منشور میں شامل ہے، سلیم مانڈی والا 

 جنوبی پنجاب کو الگ صوبہ بنانا پیپلزپارٹی کے منشور میں شامل ہے، سلیم مانڈی والا 
اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما، ڈپٹی چیئرمین سینٹ و فنانس سیکرٹری پیپلزپارٹی پارلیمنٹرین ایم سلیم مانڈری والا ملتان کے دورے پر آئے انہوں نے بلاول ہاوس ملتان میں پارٹی تنظیموں کے عہدیدران کے ساتھ ملاقات کی، ان میں پیپلزپارٹی کے مرکزی سیکرٹری فنانس حیدر زمان قریشی، پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب کے سینئر نائب صدر و ممبر فیڈرل کونسل خواجہ رضوان عالم، ملتان ڈویژن کے صدر خالد حنیف لودھی، پی وائی او جنوبی پنجاب کے صدر سید عارف شاہ، پیپلز لائرز فورم جنوبی پنجاب کے صدر شیخ غیاث الحق ایڈووکیٹ، ملتان ضلع کے صدر میاں کامران عبداللہ مڑل، ملتان سٹی کے جنرل سیکرٹری اے ڈی بلوچ ودیگر موجود تھے۔ اس موقع پر ڈپٹی چیئرمین سینٹ ایم سلیم مانڈری والا نے کہا کہ کورونا جیسی سنگین صورتحال میں پیپلزپارٹی عوام کے ساتھ کھڑی ہے، ہمارے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا ویژن ہے کہ اس خطرناک صورتحال میں فلاحی کاموں کو تیز کیا جائے، اسی مقصد کیلئے میں ملتان آیا ہوں، یہاں آ کر معلوم ہوا کہ جنوبی پنجاب کی عوام کورونا سے جنگ تو لڑ رہی ہے لیکن حکومتی کاوشیں نہ ہونے کے برابر ہیں، ہسپتالوں میں سہولیات کا فقدان ہے، پیپلزپارٹی ان حالات میں کورونا سے جنگ لڑنے والے پیرامیڈیکل سٹاف کو سلام پیش کرتی ہے، پیپلزپارٹی نے پہلے بھی جنوبی پنجاب کے ہسپتالوں میں پیرامیڈیکل سٹاف کیلئے حفاظتی کٹس و دیگر حفاظتی سامان مہیا کیا اب بھی ہم نے یہ سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے، ہماری تنظیمیں اس سلسلہ میں بھرپور کردار ادا کر رہی ہیں، اس موقع پر پیپلزپارٹی کے تمام تنظیمی عہدیداران و کارکنان پیرا میڈیکل سٹاف کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں کیونکہ ہمارا مشن ہے کہ ملک کو کورونا سے پاک کرنا ہے اور ٹڈی دل جیسی آفت سے نبٹنے کیلئے حکومتی اقدامات بہت ناکافی ہیں، پیپلزپارٹی اس موقع پر زمیندار و کسان طبقہ کے ساتھ کھڑی ہے۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی جانتی ہے کہ کسانوں کے کیا مسائل ہوتے ہیں اور پیپلزپارٹی یہ بھی جانتی ہے کہ زراعت ہماری معیشت کیلئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، لیکن بہت افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ موجودہ مرکزی حکومت اس سلسلہ میں کوئی بہتر حکمت عملی نہیں بنا پائی، کسان کیلئے معاشی پریشانیوں میں روز بروز اضافہ صرف اس حکومت کی ناکام پالیسیوں کی وجہ سے ہو رہا ہے، جنوبی پنجاب کا خطہ زرخیز خطہ ہے یہاں کی عوام بہت پیار کرنے والی اور مخلص عوام ہے لیکن موجودہ بجٹ میں یہاں کے وسائل پر ڈاکہ مارا گیا اور مسائل میں مزید اضافہ کیا جا رہا ہے، پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری و صدر آصف علی زرداری کو جنوبی پنجاب کی محرومیوں کا اندازہ ہے وہ چاہتے ہیں کہ یہ خطہ ترقی کرے اس خطہ کو اپنی پہچان ملے اس لئے پیپلزپارٹی کے منشور میں شامل ہے کہ جنوبی پنجاب کو الگ صوبہ بنانا ہے۔ انہوں مزید کہا کہ پیپلزپارٹی اس عوام دشمن بجٹ کو پاکستان کا بجٹ نہیں مانتی کیونکہ یہ بجٹ غریب کسان، مزدور، سرکاری ملازم، نوجوان، تاجر، صنعت کار غرض ہر طبقہ فکر کیلئے مزید پریشانیوں میں اضافہ کیلئے بنایا گیا ہے، افسوس کہ پی ٹی آئی حکومت کو اس بات کا ادراک نہیں ہے۔
خبر کا کوڈ : 871066
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش