1
Sunday 5 Jul 2020 19:39

امریکی سفارتخانے میں پیٹریاٹ میزائل کی آزمائش قومی خودمختاری کی کھلی خلاف ورزی ہے، اتحاد الفتح

امریکی سفارتخانے میں پیٹریاٹ میزائل کی آزمائش قومی خودمختاری کی کھلی خلاف ورزی ہے، اتحاد الفتح
اسلام ٹائمز۔ عراق کے دوسرے بڑے سیاسی اتحاد الفتح نے دارالحکومت بغداد کے اندر واقع امریکی سفارتخانے میں زمین سے ہوا میں مار کرنے والے میزائل سسٹم پیٹریاٹ کی آزمائش پر شدید تنقید کرتے ہوئے اسے سفارتی آداب کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ عراقی حکومت کے رکن اتحاد الفتح نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ بغداد میں (سفارتخانے کے اندر پیٹریاٹ میزائل کی آزمائش کا) اٹھایا گیا امریکی اقدام انتہائی عجیب، غیر ذمہ دارانہ اور سفارتی و بین المللی آداب کے خلاف ہے۔ اس بیان میں کہا گیا ہے کہ اس امریکی اقدام نے واضح کر دیا ہے کہ عراقی قومی خودمختاری اور ملکی حدود کی خلاف ورزی نہ صرف تاحال جاری ہے بلکہ (امریکہ کی جانب سے) مستقبل میں بھی جاری رہے گی۔

عراق کے دوسرے بڑی سیاسی اتحاد الفتح نے امریکی سفارتخانے کے اندر ہونے والے فوجی اقدام کی شدید مذمت کرتے ہوئے اپنے بیان میں کہا ہے کہ یہ کیسے ممکن ہے کہ عراقی خودمختاری کی پابندی کرتے ہوئے امریکی سفارتخانہ بغداد کے مرکز میں موجود ایک فوجی اڈے میں بدل جائے اور اس سے بڑھ کر یہ کہ حکومتی ارباب اختیار بھی اس امریکی اقدام پر کوئی ردعمل ظاہر نہ کریں۔ عراقی سیاسی اتحاد کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ بغداد کے قلب میں پیش آنے والا یہ واقعہ، جو عوام کے خوف و ہراس کا باعث بھی بنا ہے، قومی خود مختاری اور ملکی حدود کی خلاف ورزیوں پر خطرے کی ایک علامت ہے۔ اتحاد الفتح نے تمام قومی سیاسی گروہوں سے مطالبہ کیا کہ وہ امریکی کی جانب سے ملکی خودمختاری کے خلاف مسلسل انجام دیئے جانے والے ان اقدامات کی پرزور مذمت کریں اور کہا ہے کہ ایسے اقدامات کے دوبارہ وقوع پذیر ہونے سے بچنے کے لئے حکومت سنجیدہ فیصلے کرے۔

عرب ای مجلے السومریہ نیوز کے مطابق اتحاد الفتح نے قابض امریکیوں کی جانب سے سفارتی آداب کی کھلی خلاف ورزی پر قومی سلامتی کے لئے ٹسوے بہانے والے حکمرانوں کی مکمل خاموشی پر بھی تعجب اور افسوس کا اظہار کیا۔ واضح رہے کہ گذشتہ روز بغداد میں واقع امریکی سفارتخانے کے اندر نصب زمین سے ہوا میں مار کرنے والے دفاعی میزائل سسٹم پیٹریاٹ کو آزمایا گیا تھا جس کے باعث بغداد کے سفارتی علاقے "گرین زون" کے اندر زور دار دھماکے سنے گئے تھے۔ گذشتہ روز سفارتی آداب کی خلاف ورزی پر مبنی یہ امریکی اقدام عراقی میڈیا کی شہ سرخیوں کا حصہ بنا رہا تھا جبکہ عوامی حلقوں نے اس حوالے سے اپنی شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ٹوئٹر پر #قاعدۃ_مو_سفارۃ (فوجی اڈہ نہ کہ سفارت) کے عنوان سے ایک ہیش ٹیگ بھی چلایا ہے۔
خبر کا کوڈ : 872649
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش