0
Friday 17 Jul 2020 10:45

کراچی کا بڑا حصہ گزشتہ رات بجلی سے محروم، حکومتی دعوے دھرے رہ گئے

کراچی کا بڑا حصہ گزشتہ رات بجلی سے محروم، حکومتی دعوے دھرے رہ گئے
اسلام ٹائمز۔ شہر قائد کے مختلف علاقوں میں رات گئے لوڈشیڈنگ کا سلسلہ تاحال جاری ہے، کے الیکٹرک کی نااہلی کے باعث شہر کراچی کا بڑا حصہ بجلی سے محروم رہا۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں بدترین لوڈشیڈنگ کا سلسلہ برقرار ہے، کم و بیش شہر کا ہر علاقہ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی زد میں ہے۔ شہر کے وہ علاقے جہاں بدترین لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے ان میں نارتھ ناظم آباد ،نارتھ کراچی، بفرزون اور لیاقت آباد شامل ہیں جہاں حسب معمول بجلی کی فراہمی گزشتہ رات بھی معطل رہی، اورنگی ٹاؤن،گلبہار اور اطراف کے علاقوں میں بھی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ رات بھر چلتا رہا۔ اس کے علاوہ کورنگی، کھوکراپار، ملیر، گلستان جوہر اور گلشن اقبال بھی اندھیرے میں ڈوب گیا، گارڈن ویسٹ اور اطراف کےعلاقوں میں بھی لوڈشیڈنگ کے باعث شہری اذیت میں مبتلا رہے، لوڈشیڈنگ اور گرمی کے باعث شہری شدید پریشانی کا شکار ہیں۔

شہریوں کا شکوہ ہے کہ بار بار شکایات درج کرانے کے باوجود کے ای ہیلپ لائن پر کچھ نہیں بتایا جارہا۔ ان کا کہنا تھا کہ مون سون بارشوں کو بھی لوڈشیڈنگ کا جواز بنالیا جاتا ہے، لوڈشیڈنگ کے باعث پانی کی فراہمی بھی متاثر ہوتی ہے، لوڈشیڈنگ کے باوجود بھاری بھر کم بل بھی فراہم کئے جارہے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ایک طرف کورونا وائرس کی وباء نے حالات مشکل بنا دیئے ہیں اور اوپر سے شدید گرمی میں ہونے والی لوڈشیڈنگ نے شہریوں کی زندگی اجیرن کردی ہے۔ کراچی میں لوڈشیڈنگ کا مسئلہ نیا نہیں لیکن مستقبل قریب میں بھی یہ مسئلہ فی الحال حل ہوتا نظر نہیں آرہا، حکومت کے بلند و بانگ دعوے پانی کے بلبلے ثابت ہورہے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 874916
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش