0
Saturday 18 Jul 2020 20:14

کراچی میں بارش نے صوبائی و شہری حکومت کی تمام دعوؤں کی نفی کر دی، جماعت اسلامی

کراچی میں بارش نے صوبائی و شہری حکومت کی تمام دعوؤں کی نفی کر دی، جماعت اسلامی
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ کراچی میں چند گھنٹوں کی بارش نے سندھ و شہری حکومت کی نااہلی کو عیاں اور تمام دعوؤں کی نفی کر دی ہے، بارش سے قبل نالوں کی صفائی کیلئے سنجیدہ اور کرپشن فری اقدامات کئے جاتے، تو آج شہری دُہرے عذاب سے دوچار نہ ہوتے۔ اپنے ایک بیان میں بارش کے دوران کرنٹ، چھتیں گرنے سے جانی و مالی نقصان پر دلی دکھ و افسوس کا اظہار کرتے ہوئے محمد حسین محنتی نے کہا کہ بارش اللہ کی رحمت ہوتی ہے، مگر حکومتی نااہلی و بدانتظامی کی وجہ سے یہ عوام کے لیے زحمت بن جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ موسمیات کی جانب سے بارہا پیشگی اطلاعات کے باوجود شہری و صوبائی حکومتوں کا بروقت اقدامات کرکے اپنی ذمہ داریاں پوری نہ کرنا، ان کی عوامی مسائل سے عدم دلچسپی کی واضح مثال ہے۔

محمد حسین محنتی نے کہا کہ چند گھنٹوں کی بارش میں حکومتی دعوؤں کے برعکس اہم شاہراہیں اور اسپتال بارش و گندے پانی سے بھر گئے، ٹریفک بدترین جام رہا، جس کی وجہ سے عام شہریوں اور مریضوں کو سخت مشکلات سے دوچار ہونا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ تاحال سڑکوں سے نکاسی آب نہ ہونے کی وجہ سے تالاب و جھیل کا منظر پیش کر رہے ہیں، یہ صرف کراچی ہی کا نہیں پورے سندھ میں یہ ہی صورتحال ہے، مگر حکومت کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی۔ صوبائی امیر نے زور دیا کہ سندھ حکومت نالوں کی صفائی سمیت سڑکوں سے بارش و گندے پانی کے نکاسی آب کے لیے سنجیدہ و کرپشن فری اقدامات کرکے عوام کو ریلیف دے۔
خبر کا کوڈ : 875249
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش