0
Friday 24 Jul 2020 18:12

بلوچستان اسمبلی کی نشستوں میں اضافہ خوش آئند ہے، علامہ مقصود ڈومکی

بلوچستان اسمبلی کی نشستوں میں اضافہ خوش آئند ہے، علامہ مقصود ڈومکی
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ بلوچستان صوبائی اسمبلی کی نشستوں میں اضافہ اچھا عمل ہے بشرطیکہ عوام کے منتخب نمائندے عوام پر بوجھ بننے کی بجائے عوام کے خادم بنیں۔ شاہانہ طرز زندگی گذارنے والے اراکین اسمبلی کی تعداد میں اضافہ عوام پر بوجھ بڑھنے کا سبب ہوگا۔ بلوچستان کا بنیادی مسئلہ اراکین اسمبلی کی تعداد میں اضافہ نہیں بلکہ بلوچستان کا بنیادی مسئلہ یہاں کی محرومیت کا خاتمہ ہے۔ بلوچستان کے عوام 21ویں صدی میں بھی پینے کے صاف پانی، صحت و تعلیم کی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔ حکومت بلوچستان  کی پسماندگی کے خاتمے پر توجہ دے۔ اپنے ایک بیان میں نے انہوں نے کہا کہ بلوچستان کو قومی دھارے میں موثر نمائندگی دے کر یہاں کے عوام کی مظلومیت کی آواز کو سنا جائے۔ قومی اسمبلی سمیت ملک کے تمام مقتدر اداروں میں بلوچستان کو مزید نمائندگی دیتے ہوئے بلوچستان کی نشستوں میں اضافہ کیا جائے تاکہ بلوچستان وفاق کی ایک اکائی کے طور پر ملکی معاملات میں موثر کردار ادا کرسکے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے منتخب نمائندے عوام پر بوجھ  بننے کی بجائے عوام کے نمائندے کے طور پر عوامی مسائل کے حل کے لئے اپنا موثر کردار ادا کریں۔ منتخب نمائندے اپنا طرز زندگی عوام کی سطح پر لائیں یا عوام کا طرز زندگی اپنی سطح پر۔ منتخب نمائندوں کا شاہانہ طرز زندگی عوامی خدمت سے مطابقت نہیں رکھتا۔ انہوں نے وڈہ میں ہندو تاجر کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچ معاشرہ ہمیشہ سے مذہبی رواداری اور احترام انسانیت کا قائل رہا ہے۔ اقلیتوں کے ساتھ حسن سلوک بلوچ روایات کے ساتھ ساتھ ہماری اسلامی روایات کا حصہ رہا ہے۔ وڈہ ضلع خضدار میں ہندو تاجر کا قتل انتہائی المناک سانحہ ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ مجرموں کو قانون کے مطابق سزا دی جائے۔
خبر کا کوڈ : 876237
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش