0
Tuesday 28 Jul 2020 21:19

جماعت اسلامی نے طالبان کیساتھ ہونیوالے دوحہ معاہدہ کو امریکہ کی شکست قرار دیدیا

جماعت اسلامی نے طالبان کیساتھ ہونیوالے دوحہ معاہدہ کو امریکہ کی شکست قرار دیدیا
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ افغان طالبان اور امریکہ کے درمیان ہونے والا دوحہ امن معاہدہ دراصل پوری افغان ملت کی جیت اور امریکہ کی واضح شکست سے مترادف ہے۔ اس سے یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ افغانستان عالمی طاقتوں کا قبرستان ہے، دنیا کی سب سے بڑی سپر پاور پوری عالمی دنیا کی اخلاقی، سیاسی، معاشی اور فوجی طاقت کے ساتھ مسلسل انیس برس تک تاریخ کی سب سے مہنگی اور لمبی جنگی مہم میں مصروف رہی لیکن نتیجہ ان کی شکست پر اختتام پذیر ہوا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سینیٹ کے اجلاس میں پاکستان کی خارجہ پالیسی اور خطے کی صورتحال پر اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ معاہدے سے ثابت ہوا کہ امریکہ نے اعتراف کر لیا کہ مسائل جنگوں سے نہیں مذاکرات سے حل ہوتے ہیں۔ پاکستان کے کردار کو عالمی سطح پر سراہا گیا، اب ضرورت اس بات کی ہے کہ اس معاہدے کو عملی جامہ پہنانے میں افغان حکومت، افغان عوام، امریکا، حکومت پاکستان اور سارے اسٹیک ہولڈرز افہام فہیم سے کام لیں۔

انہوں نے کہا کہ کچھ علاقائی اور لوکل حکومتیں اس امن معاہدے کے خلاف سازشیں کر رہی ہیں، ان سے ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے۔ ایسے وقت میں جب افغان طالبان اور امریکا کے درمیان امن معاہدہ عملی شکل اختیار کر رہا ہے اور دونوں جانب سے قیدیوں کے تبادلے ہورہے ہیں ان حالات میں اس جنگ کی متاثرہ پاکستان کی بیٹی امریکا میں قید عافیہ صدیقی کی رہائی کے لئے حکومت پاکستان بہترین سفارتکاری سے بھرپور کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں امن اور خوشحالی سے نا صرف پاکستان کی بلکہ پورے خطے کی ترقی اور امن مشروط ہے۔ اس لئے پاکستان کو افغانستان کے اندر عدم مداخلت پر عمل پیرا رہتے ہوئے امن اور معاشی استحکام  کے لیے چین، ایران، وسطی ایشیائی ممالک اور او آئی سی کے ساتھ مل کر خصوصی کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔
خبر کا کوڈ : 877177
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش