0
Friday 14 Aug 2020 10:16

چودھری برادران نے سعودی عرب کی حمایت کر دی

ایسا بیان دینے کی کیا ضرورت تھی جسکے بعد وضاحتیں جاری کرنی پڑیں
چودھری برادران نے سعودی عرب کی حمایت کر دی
اسلام ٹائمز۔ پاکستان مسلم لیگ (ق) کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین اور سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ سعودی عرب نہ صرف ہمارا بھائی ہے بلکہ ہماری عقیدتوں کا مرکز ہے، سعودی عرب نے ہر مشکل وقت میں ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا، دفتر خارجہ کو پاک سعودی تعلقات میں حد سے زیادہ احتیاط برتنی چاہیئے تھی۔ مسلم لیگی قائدین نے کہا کہ ہر چیز ہر وقت پبلک کرنے کی نہیں ہوتی، ہمارے جس طرح کے تعلقات سعودی عرب کیساتھ ہیں، ان کیساتھ خود جا کر خاموشی سے بات کیوں نہیں کی گئی؟ یہ کون سی ڈپلومیسی ہے کہ گھر بیٹھ کر شور مچانا شروع کر دیا۔
 
چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ ایسا بیان دینے کی کیا ضرورت تھی، جس کے بعد وضاحتیں جاری کرنی پڑیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم اگر اصلاح کیلئے غلطیوں کی نشاندہی کرتے ہیں تو اس کو بھی مخالفت اور دشمنی سمجھا جاتا ہے، یہ رویہ درست نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ لاکھوں پاکستانی آج سے نہیں بلکہ مدتوں سے وہاں روزگار کما رہے ہیں، پاکستان میں سب سے زیادہ زرمبادلہ وہاں مقیم پاکستانی بھیجتے ہیں، ان شاء اللہ ہر محب وطن پاک سعودی تعلقات کو خراب کرنے کی کوشش کو ناکام بنائے گا، کسی کو یہ حق حاصل نہیں کہ وہ اسلامی برادر ممالک کے تعلقات میں خرابی پیدا کرے، اس سے پاکستان کی جگ ہنسائی ہوئی ہے۔
خبر کا کوڈ : 880174
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش