0
Saturday 15 Aug 2020 19:59

معیاری ترجمہ قرآن اُردو اور پنجابی زبان میں شائع کریں گے، صاحبزادہ حامد رضا

معیاری ترجمہ قرآن اُردو اور پنجابی زبان میں شائع کریں گے، صاحبزادہ حامد رضا
اسلام ٹائمز۔ سربراہ سنی اتحاد کونسل و چیئرمین پنجاب قرآن بورڈ صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ پنجاب قرآن بورڈ کی طرف سے اسٹینڈرڈ ترجمہ قرآن اُردو اور پنجابی زبانوں میں شائع کیا جائے گا، جو کہ تمام مسالک کے جید علماء کی مشاورت سے تیار ہو گا، اور قرآن مجید کی طباعت و اشاعت کے مراحل میں اعلیٰ ترین معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں پنجاب قرآن بورڈ، قرآن پبلیشنگ کمپنیز اور قرآن پروف ریڈرز ایسوسی ایشن کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں باہمی اتفاق رائے سے فیصلہ کیا گیا کہ وفاقی حکومت جو معیاری ترجمہ قرآن کر رہی ہے اُس سے ترجمہ قرآن کرنے میں مدد لی جائے گی اور پنجاب قرآن بورڈ کا وفد جلد ہی گورنر پنجاب اور وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات کرے گا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ قرآن بورڈ پنجاب کے ڈیلی ویجز اور کنٹریکٹ ملازمین کو ریگولر کرنے کی توثیق کر دی گئی ہے۔

صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ پنجاب قرآن بورڈ کا سوشل میڈیا گروپ اور فیس بُک پیج بنایا جائے گا۔ کالجوں اور یونیورسٹیوں کے طلباء و طالبات کو قرآنی تعلیمات سے روشناس کرنے کیلئے ریفریشر کورسز کا انعقاد کیا جائے گا اور قرآن مجید کے شہید اوراق کو محفوظ کرنیوالی پرائیویٹ تنظیمات کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ قرآن مجید شائع کرنیوالی غیر رجسٹرڈ کمپنیوں کیخلاف قانونی کارروائی کی جائے گی اور قرآن مجید کی اشاعت کیلئے رجسٹریشن کا عمل آسان بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ رجسٹرڈ پروف ریڈرز کو مناسب معاوضہ دلوانے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔

اجلاس میں پنجاب قرآن بورڈ کے ممبران مفتی انتخاب احمد نوری، حافظ فضل الرحیم، ڈاکٹر قاری احمد میاں تھانوی، ڈاکٹر عبدالغفور راشد، مولانا محمد نعیم بٹ، ڈاکٹر حافظ حسن مدنی، علامہ ڈاکٹر محمد حسین اکبر، علامہ محمد افضل حیدری، مولانا امجد علی جعفری، شیخ محمد ناظم الدین، صدر انجمن ناشران، نمائندہ ایڈیشنل آئی جی پولیس پنجاب، نمائندہ ڈی آئی جی پولیس سپیشل برانچ، ڈپٹی سیکرٹری اوقاف، نمائندہ ایڈیشنل آئی جی پولیس پنجاب، نمائندہ ایڈیشنل سیکرٹری ہوم ڈیپارٹمنٹ، سیکشن آفیسر (آئی بی ایم) محکمہ اوقاف و مذہبی امور پنجاب اور ایڈمنسٹریٹو آفیسر پنجاب قرآن بورڈنے شرکت کی۔ جبکہ قرآن پبلیشنگ کمپنیز کے مالکان میں سے حافظ جاوید اقبال (حافظ قرآن کمپنی)، قدرت اللہ(قدرت اللہ قرآن کمپنی)، عکاش مجاہد(دارالسلام)، ابوبکر صدیق(صدائے اسلام)، احمد سلمان شاہ(ضیاءالقرآن پبلیکیشنز)، محمد عمران(حماد کمپنی)، نعیم الدین(تاج کمپنی لمیٹڈ) اور قرآن پروف ریڈرز ایسوسی ایشن کے ممبران حافظ انجم علی، مولانا مستمر خان، مولانا زوار حسین، حافظ زاہد محمود، حافظ نعیم احمد، حافظ قاسم سمیت دیگر نے شرکت کی۔
خبر کا کوڈ : 880474
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش