0
Sunday 16 Aug 2020 00:11

محرم الحرام، پاک فوج کے زیراہتمام ڈی آئی خان میں ایپکس کانفرنس

محرم الحرام، پاک فوج کے زیراہتمام ڈی آئی خان میں ایپکس کانفرنس
اسلام ٹائمز۔ محرم الحرام کی آمد کے ساتھ ہی ڈیرہ اسماعیل خان کے دفاتر کی رونقوں میں اضافہ ہو جاتا ہے۔ سرکاری اداروں کے ضلعی ذمہ داران کے دفاتر میں محرم میٹنگز اور کانفرنسز کا تانتا بندھا رہتا ہے۔ ان میٹنگز کانفرنسز میں اہل تشیع اکابرین، اہل سنت اکابرین اور متعلقہ انتظامی افسران مل بیٹھ کر انتظامات کا جائزہ لیتے ہیں، ان کو حتمی شکل دیتے ہیں، اپنے خدشات، تحفظات سے ایک دوسرے کو آگاہ کرتے ہیں۔ آمدہ محرم کے حوالے سے ایسی ہی ایک ایپکس کانفرنس پاک فوج کے زیر اہتمام ڈویژنل سطح پہ بھی منعقد ہوئی۔ پاک فوج کے زیر اہتمام ڈویژنل سطح پر” محرم الحرام ایپیکس کانفرنس“ آئی جی ایف سی ساﺅتھ میجر جنرل عمر بشیر کی سربراہی میں ڈیرہ اسماعیل خان میں منعقد کی گئی۔

جس میں کمشنر ڈیرہ یحییٰ اخونزادہ، سٹیشن کمانڈر بریگیڈئیر قاسم شہزاد، آر پی او محمد یاسین فاروق، ڈپٹی کمشنر ڈیرہ محمد عمیر، ڈی پی او کیپٹن (ر) حافظ واحد محمود، ڈپٹی کمشنر ٹانک، اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ محسن صلاح الدین سمیت مختلف مسالک کے علماء کرام، متولیان اور تاجر برادری نے شرکت کی۔ ڈویژنل سطح پر منعقد ہونے والی یہ پہلی تقریب تھی جس میں نہ صرف ڈیرہ اسماعیل خان بلکہ ٹانک سے بھی علما کرام اور عمائدین شامل ہوئے۔ اس موقع پر آئی جی ایف سی ساﺅتھ نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علمائے کرام و ذاکرین عظام علم کی طاقت سے دشمن کو شکست دینگے، امن کا پیغام سب تک پہنچائیں گے۔ محرم ہمیں ایثار و قربانی کے ساتھ ساتھ صبر و برداشت کا درس دیتا ہے اور اسی جذبے کے ساتھ ہم نے آگے بڑھنا ہے ۔اس موقع پرشرکاء نے کہا کہ پاک فوج کی کاوشوں کی وجہ سے نہ صرف علاقائی بلکہ ملکی سطح پر امن و امان کی فضا قائم و دائم ہے اور قوم وطن کے محافظوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔
خبر کا کوڈ : 880531
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش