0
Sunday 16 Aug 2020 23:26

گلگت بلتستان آنے والے سیاحوں میں صرف پانچ فیصد کے پاس کرونا کی رپورٹ ہونے کا انکشاف

گلگت بلتستان آنے والے سیاحوں میں صرف پانچ فیصد کے پاس کرونا کی رپورٹ ہونے کا انکشاف
اسلام ٹائمز۔ محکمہ صحت گلگت بلتستان کے فوکل پرسن ڈاکٹر شاہ زمان نے انکشاف کیا ہے کہ گلگت بلتستان آنے والے ڈھائی لاکھ کے قریب سیاحوں میں سے 5 فیصد سے بھی کم کے پاس لیبارٹری رپورٹس تھیں جو انتہائی تشویش ناک اور ایس او پیز کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ خیال رہے کہ جی بی میں سیاحت کو مکمل طور پر کھول دیا گیا تھا جس کے بعد ملک بھر سے ہزاروں سیاحوں نے گلگت بلتستان کا رخ کر لیا ہے اور روزانہ سینکڑوں گاڑیاں جی بی پہنچ رہی ہیں۔ ڈاکٹر شاہ زمان نے بتایا کہ گزشتہ چند دنوں میں 20 سیاحوں میں کورونا وائرس کی علامات پر انہیں قرنطینہ کر دیا گیا ہے جبکہ بعض کی طرف سے غلط معلومات پر ان سے رابطہ نہیں ہو رہا۔

ڈاکٹر شاہ زمان کے مطابق صوبوں اور وفاق نے تعاون نہ کیا تو سردیوں میں گلگت بلتستان میں کورونا کی صورتحال بے قابو ہو سکتی ہے۔ اس سلسلے میں پیر کو ہنگامی میٹنگ طلب کی گئی ہے جس میں موثر حکمت عملی بنائی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس ٹیسٹنگ اور اسکریننگ پر ہوٹل مالکان کی تنظیمیں مداخلت اور اعترضات کرتی ہیں جس سے کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ گلگت بلتستان میں کورونا سے نمٹنے کے لیے محکمہ صحت کے پاس انتہائی محدود وسائل ہیں اور ایسے میں عدم تعاون کا یہ غیر ذمہ دارانہ طرز عمل جاری رہا تو علاقے میں کورونا کے خطرات بڑے المیے کو جنم دے سکتے ہیں۔

شاہ زمان نے کہا کہ حالات کے پیش نظر تمام ہوٹلوں کو پابند کیا گیا ہے کہ 20 فیصد کمروں کو کرونا سے متاثرہ سیاحوں کے لیے ریزرو کر دیا جائے تاکہ انہیں فوری قرنطینہ کیا جا سکے۔ یاد رہے کہ گزشتہ سال گلگت بلتستان میں پندرہ لاکھ سے زائد ملکی و غیر ملکی سیاح آئے تھے تاہم رواں سال کے آغاز سے ہی دنیا بھر کو کرونا وائرس نے لپیٹ میں لے لیا جس کی وجہ سے سیاحت کا شعبہ منجمد ہو کر رہ گیا۔ دس اگست کو وفاقی حکومت نے ملک بھر میں سیاحت پر پابندی ختم کرتے ہوئے ایس او پیز کے تحت شعبہ سیاحت کو مکمل فنکشنل کرنے کا اعلان کیا تھا۔ جس کے بعد جی بی میں سیاحوں کا سیلاب آمڈ آیا ہے اور سیاحتی مقامات سیاحوں سے بھر گئے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 880685
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش