0
Tuesday 18 Aug 2020 23:04

گلگت بلتستان پولیس نے محرم الحرام کیلئے سکیورٹی پلان کو حتمی شکل دیدی

گلگت بلتستان پولیس نے محرم الحرام کیلئے سکیورٹی پلان کو حتمی شکل دیدی
اسلام ٹائمز۔ گلگت بلتستان پولیس نے محرم الحرام کے دوران سکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دے دی۔ تفصیلات کے مطابق ملک بھر کی طرح جی بی میں بھی محرم الحرام کے دوران امن و امان کی فضاء کی برقراری اور کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لئے پولیس نے حفاظتی اقدامات کو مکمل کر لیا۔ انسپکٹر جنرل آف پولیس گلگت بلتستان ڈاکٹر مجیب الرحمٰن خان کی سربراہی میں پولیس ہیڈ کوارٹرز میں اضلاع کی طرف سے ترتیب دیئے گئے سکیورٹی پلان کا جائزہ لیا گیا۔ گلگت، دیامر اور بلتستان رینج کے ڈی آئی جیز نے سکیورٹی پلان کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے انتہائی حساس، حساس اور نارمل امام بارگاہوں اور جلوسوں کے روٹس، فورس کی ڈیپلائمنٹ اور اپنی ضروریات کے حوالے سے بریفنگ دی۔ اجلاس میں 6 اور 7 محرم کی شب سے لیکر یوم عاشور تک نکالے جانے والے جلوسوں کے لئے الگ سے مرتب کئے گئے سکیورٹی پلان سے متعلق بھی آگاہ کیا گیا۔

آئی جی پی ڈاکٹر مجیب الرحمٰن خان نے اس موقع پر کہا کہ محرم ڈیوٹیز کے لئے تمام اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ تمام اضلاع کے ایس پیز محرم کے شروع ہونے سے پہلے تمام امام بارگاہوں اور جلوسوں کے روٹس کا دورہ یقینی بنائیں۔ بین المسالک ہم آہنگی، رواداری اور بھائی چارے کی فضاء کی برقراری کے لئے علماء کرام، امن کمیٹیوں اور معززین علاقہ کے ساتھ بیٹھک کی جائے۔ نفرت انگیز اور متنازعہ نعروں سے اجتناب و ممنوعہ پمفلٹ، ہوائی فائرنگ اور لاوڈسپیکر کا استعمال روکنے کے لئے ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔ جس ضلع سے نفری کی ڈیمانڈ آئی ہے فور طور پر وہاں نفری بھیجی جائے۔ محرم کے شروع سے یوم عاشور تک ٹریفک کے لئے الگ سے پلان مرتب کیا جائے۔ ڈاکٹر مجیب الرحمٰن خان نے کہا کہ ہم نے ایک آرگنائزیشن کے طور پر کام کرنا ہے۔ دیگر تمام محکموں کے ساتھ کوارڈینیشن مضبوط کیا جائے۔

تمام اضلاع ایک دوسرے کے ساتھ اور سپیشل برانچ کیساتھ رابطے میں رہیں۔ کمیونیکیشن آلات کی جہاں ضرورت ہو پولیس ہیڈ کوارٹرز سے فراہم کئے جائیں۔ آئی جی پی نے مذید کہا کہ شہر بھر کے سی سی ٹی وی کیمروں کو بروقت اپ ڈیٹ رکھا جائے اور کنٹرول رومز میں اہلکاروں کی تعداد میں بھی اضافہ کیا جائے۔ آئی جی پی نے آخر میں کہا کہ کرونا وائرس کے پیش نظر سماجی فاصلہ اور ایس او پیز کا بھی خیال رکھا جائے۔ واضح رہے کہ ضلع گلگت میں ہونے والی 160 مجالس کے لئے 610 نفری تعینات کر دی گئی ہے۔ ضلع نگر میں ہونے والی 103 مجالس کے لئے 266 اہلکار ڈیوٹی پر ہونگے۔ ضلع استور میں ہونے والی 60 مجالس کے لئے 172 پولیس اہلکار اور ضلع غذر کی 03 مجالس کے لئے 80 اہلکاروں کو ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں۔ بلتستان کے ضلع سکردو میں ہونے والی 502 مجالس کے لئے 600 اہلکار، کھرمنگ میں ہونے والی 159 مجالس کے لئے 106 اہلکار، گانچھے میں ہونے والی 285 مجالس کے لئے 265 اہلکار جبکہ شگر کے مختلف امام بارگاہوں میں ہونے والی 162 مجالس کے لئے 215 پولیس اہلکار ڈیوٹی پر تعینات کئے گئے ہیں۔

ضلع ہنزہ میں ہونے والی مجالس کی حفاظت کے لئے 302 اہلکار تعینات ہوں گے۔ جبکہ ضلع دیامر میں کے کے ایچ پر 136 اہلکار چیکنگ اور پٹرولنگ کے لئے تعینات ہیں۔ سپیشل برانچ کی طرف سے گلگت بلتستان کی سطح پر سکیورٹی پلان بھی مرتب کیا گیا ہے۔ اجلاس میں ڈی آئی ہیڈ کوارٹرز افضل محمود بٹ، ڈی آئی جی آپریشنز، ڈی آئی جی دیامر رینج اویس احمد، ڈی آئی جی گلگت رینج وقاص حسن، ڈی آئی کرائم برانچ فرمان علی، سکردو رینج کی طر ف سے ایس ایس پی محمد اسحاق، اے آئی جی آپریشن محمد جمیل، اے آئی جی لاجسٹک جہانگیر حسین، اے آئی جی لیگل عبداللہ خان، ایس ایس پی کے کے ایس ایف تنویر الحسن، ایس ایس پی SPU میر طفیل احمد، اے آئی جی سی ٹی ڈی حسن علی، ایس ایس پی حفیظ الرحمٰن، ایس ایس پی گلگت راجہ مرزا حسن، ایس ایس پی ہنزہ حمزہ ہمایون، ایس پی نگر طاہر یعسوب، کمانڈنٹ ریزرو سلطان فیصل، کمانڈنٹ پی ٹی سی زاہد اقبال سمیت دیگر اضلاع کے ایس پیز اور یونٹوں کے ذمہ داروں نے شرکت کی۔
خبر کا کوڈ : 881100
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش