0
Saturday 29 Aug 2020 13:38
تسکین روح سایہء آہ و بکا میں ہے، ہر صاحب شعور کا دل کربلا میں ہے

لاہور، نویں محرم الحرام کی مجالس کاانعقاد، جلوس اپنے راستوں پر رواں دواں

لاہور، نویں محرم الحرام کی مجالس کاانعقاد، جلوس اپنے راستوں پر رواں دواں
اسلام ٹائمز۔ نوویں محرم الحرام پرعزاداران کربلا کی نوحہ خوانی، گریہ زاری اور ماتم کا سلسلہ جاری ہے، لاہور میں مختلف مقامات پر مجالس عزا کا اہتمام، فضائل و مصائب اہلبیتؑ کا بیان، شبیہہ ذوالجناح کے جلوس بھی مقررہ راستوں پر گامزن ہیں، روٹس پر پانی، دودھ اور شربت کی سبیلیں اور نیاز کا بھی خصوصی اہتمام کیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پانڈو سٹریٹ اسلامپورہ میں مجلس عزا منعقد ہوئی جس سے علامہ قمر عباس مجاہد نے اہلبیتؑ کے فضائل و مصائب بیان کئے، اختتام مجلس پر برآمد ہونیوالا شبیہہ ذوالجناح کا جلوس عالمگیر چوک پہنچ گیا۔ ادھر امام بارگاہ عطیہ اہلبیت نکلسن روڈ  پر مجلس عزا کا اہتمام کیا گیا۔ علامہ ذوالفقارحسین نقوی  نے اہلبیتؑ کے فضائل و مصائب بیان کئے جبکہ شبیہہ ذوالجناح کا جلوس مقررہ راستوں پر گامزن ہے۔ امام بارگاہ قصربتولؑ شادمان میں مجلس عزا کا اہتمام، عزاداران امام حسینؑ کی کثیر تعداد میں شرکت۔

مولانا محمد تقی مہدی نے فضائل و مصائب اہل بیتؑ بیان کئے۔ قصر بتول سے برآمد ہونیوالا شبیہہ ذوالجناح کا جلوس روایتی راستوں پر گامزن ہے۔ 9 محرم الحرام کے جلوسوں کے موقع پر فول پروف سکیورٹی انتظامات کئے گئے ہیں، 8 ہزار سے زائد پولیس افسران اور اہلکار ڈیوٹیوں پر تعینات ہیں، پولیس کو ڈولفن اور پیرو فورس کی بھی معاونت حاصل ہے۔ مجالس اور جلوسوں میں عزاداروں کو واک تھرو گیٹ سے گزارا جا رہا ہے جبکہ میٹل ڈیٹکٹر سے چیکنگ اور جامہ تلاشی کے بعد ہی جلوس میں جانے کی اجازت دی جا رہی ہے۔ لاہور میں آج اور کل دس محرم کو موٹرسائیکل پر ڈبل سواری پر پابندی ہوگی جبکہ جلوسوں کے روٹس پر موبائل فون سروس بھی بند رہے گی۔ مختلف علاقوں سے نکلنے والے جلوسوں کی کیمرہ مانیٹرنگ کا بھی بندوبست کیا گیا ہے۔ شہر بھر میں 650 سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے ہیں۔

ڈی سی آفس میں کنٹرول روم فعال کر دیا گیا ہے جبکہ مرکزی جلوس کے روٹ پر 200، ماڈل ٹاؤن سے برآمد جلوس کی مانیٹرنگ کیلئے 150 کیمرے لگائے گئے ہیں۔ اڑھائی سو کیمروں کی مدد سے شہر کے تھانوں میں بھی مانیٹرنگ کا نظام قائم کیا گیا ہے۔ پانڈو سٹریٹ سے نکلنے والے شبیہہ ذوالجناح کے جلوس کیلئے اسلام پورہ سے خیمہ سادات تک ٹریفک پولیس نے خصوصی انتظامات کر رکھے ہیں جبکہ سی ٹی او نے ایمرجنسی گاڑیوں کیلئے راستے کلیئر رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ ہنگامی امدادی سرگرمیوں کیلئے سرکاری ہسپتالوں میں بھی ہائی الرٹ ہے، ڈاکٹروں، پیرا میڈیکس کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں، جبکہ ایمرجنسی وارڈ میں اضافی عملہ تعینات کرنے کیلئے سرکاری مراسلہ جاری کیا گیا ہے۔

ریسکیو 1122 کے 900 اہلکار بھی ہنگامی ڈیوٹی پر مقرر کر دیئے گئے ہیں۔ بائیک سکواڈ اور ایمبولینسز بھی تیار ہیں، فرسٹ ایڈ میڈیکل پوسٹیں بھی قائم کر دی گئی ہیں۔ فیصل ٹاؤن کوٹھا پنڈ میں امام بارگاہ قصر عباسؑ میں مجلس عزا منعقد ہوئی، پروفیسر ذوالفقار حسین نقوی نے مصائب اہلبیتؑ بیان کئے۔ ادھر کالی کوٹھی میں بھی مجلس عزا کا اہتمام  کیا گیا جس سے علامہ سید کمال حیدر رضوی آف کراچی نے اہلبیت اطہار کے فضائل اور مصائب بیان کئے۔ باب العلم امام بارگاہ نشاط کالونی لاہور کینٹ میں مجلس عزا سے مولانا مصطفیٰ مہدی نے خطاب کیا۔ فضائل اہلبیت اور نواسہ رسول کی کربلا میں لازوال قربانی اور مصائب کا ذکر کیا۔ امام بارگاہ بلاک سیداں اسلامپورہ میں مجلس کا اہتمام کیا گیا جس سے علامہ اسد جوہری نے فضائل و مصائب اہلبیتؑ بیان کئے۔

لٹن روڈ امام بارگاہ حسینیہ، زینبیہ میں مجلس عزا کا انعقاد کیا گیا جس میں علامہ موسیٰ حیدر زیدی نے مصائب اہلبیت بیان کئے۔ مجلس عزاء میں عزاداروں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ امام بارگاہ گلستان زہراؑ ایبٹ روڈ پر بھی مجلس عزا منعقد ہوئی جس میں ممتاز عالم دین علامہ سخاوت علی قمی نے فضائل و مصائب اہلبیتؑ بیان کئے۔
خبر کا کوڈ : 883084
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش