0
Sunday 20 Sep 2020 21:00

جماعت اسلامی نے اپوزیشن تحریک میں شامل ہونے کیلئے 3 شرائط رکھ دیں

جماعت اسلامی نے اپوزیشن تحریک میں شامل ہونے کیلئے 3 شرائط رکھ دیں
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی نے اپوزیشن کی تحریک میں شامل ہونے کے لئے 3 شرائط رکھ دیں۔ اپوزیشن ان شرائط پر عملدرآمد کرے گی تو جماعت اسلامی حکومت مخالف تحریک میں فرنٹ فٹ پر ہوگی۔ لکی مروت میں شمولیتی جلسہ عام سے قبل میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے صوبائی امیر سینیٹر مشتاق احمد خان کا کہنا تھا کہ اگر اپوزیشن جماعتیں ہماری تین شرائط مانتی ہیں تو ہم بھی حکومت مخالف تحریک میں اپنی شمولیت کی یقین دہانی کرانے کو تیار ہیں۔ انہوں نے اپوزیشن کے سامنے شرائط رکھتے ہوئے کہا کہ اے پی سی میں شامل جماعتیں خصوصاً پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ نون حکومت گرانے کیلئے واضح احتجاج اور منصوبہ لائیں۔ اس منصوبے میں اسمبلیوں سے استعفوں اور بڑے بڑے احتجاجی مظاہروں سمیت لاک ڈاؤن شامل ہو۔ ہماری دوسری شرط یہ ہے کہ اس حکومت کے خاتمے کے بعد جو حکومت بنے گی، اس میں آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک سے چھٹکارا اور مہنگائی اور غربت کا خاتمہ شامل ہوں۔ اس حکومت میں سود اور پروٹوکول کلچر کا خاتمہ اور چوروں کے احتساب کا معاہدہ شامل ہو۔

ان کا کہنا تھا کہ ہماری تیسری شرط یہ ہے کہ نواز شریف لندن میں بیٹھ کر اپوزیشن چلانے کی روش ترک کرکے پاکستان آجائیں اور آصف علی زرداری بھی عیش و عشرت کی زندگی ترک کرکے حقیقی اپوزیشن کا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ اہوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس نشستاً گفتاً برخاستاً کے سوا کچھ نہیں ہے، یہ حقیقی نہیں بلکہ فرینڈلی اپوزیشن ہے۔ اپوزیشن نے ہر موقع پر حکومت کو سپورٹ فراہم کی ہے، اس لئے اس اپوزیشن سے کسی قسم کی توقع رکھنا عبث ہے۔ جماعت اسلامی اپنی سیاست اور اپنا احتجاج اپنے پلیٹ فارم سے کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت عوام دشمن اور ایف اے ٹی ایف کی غلام ہے۔ موجودہ حکومت کے پاس ملک چلانے کیلئے کوئی منصوبہ نہیں۔ غلط اقدامات کی وجہ سے ملک اندورنی اور بیرونی خطرات سے دوچار ہے۔
خبر کا کوڈ : 887378
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش