1
Saturday 26 Sep 2020 15:57

جارح سعودی و اماراتی اتحاد کیخلاف جاری جنگ فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہونیوالی ہے، یمن

جارح فوجی اتحاد اسرائیل کی مدد سے یمنی صوبوں پر قبضہ کرنا چاہتا ہے
جارح سعودی و اماراتی اتحاد کیخلاف جاری جنگ فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہونیوالی ہے، یمن
اسلام ٹائمز۔ یمنی وزیر دفاع جنرل محمد ناصر العاطفی نے چیف آف جنرل اسٹاف جنرل محمد عبدالکریم الغماری اور یمنی سپریم سیاسی کونسل کے سربراہ مہدی المشاط کے ساتھ ملاقات کی ہے۔ اس ملاقات کے بعد نشر ہونے والے مشترکہ بیان میں جارح سعودی عرب و متحدہ عرب امارات کو یمنی صوبوں پر قبضہ کرنے کی کسی بھی قسم کی کارروائی پر خبردار کیا گیا ہے۔ اس ملاقات میں تاکید کی گئی ہے کہ ریاض و ابوظہبی قدس شریف پر غاصب صیہونی رژیم (اسرائیل) کی مدد سے یمنی صوبوں المہرہ اور سُقطریٰ پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں۔

یمنی وزیر دفاع نے اس ملاقات کے دوران تاکید کرتے ہوئے کہا ہے کہ قومی مسلح افواج جارح سعودی عرب و امارات کو ویسا ہی بھرپور جواب دیں گی جیسا کہ ماضی میں جغرافیائی گہرائی کے اندر واقع ان کے دارالحکومتوں اور اہم تنصیبات کو نشانہ بنا کر دیا تھا۔ اس بیان میں کہا گیا ہے کہ وزارت دفاع یمن اپنے وطن کی ایک بالشت زمین کو بھی جارح قوتوں اور ان کے گماشتوں کے قبضے میں باقی رہنے نہیں دے گی۔ یمنی اعلی عسکری قیادت نے بحرین و امارات کی جانب سے غاصب و بچوں کی قاتل صیہونی رژیم کے ساتھ دوستانہ تعلقات استوار کئے جانے کے اقدامات کی شدید مذمت کی اور یمنی انقلاب کی کامیابی کی سالگرہ کے حوالے سے سربراہ انصاراللہ سید عبدالملک بدرالدین الحوثی کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آج عظیم امتِ مسلمہ کے مسائل کی پرواہ نہ کرنے اور انہیں اپنی پہلی ترجیح قرار نہ دینے والے کسی بھی فریق کا امتِ مسلمہ کے ساتھ کوئی تعلق نہیں۔



یمنی وزیر دفاع، چیف آف جنرل سٹاف اور سپریم سیاسی کونسل کے سربراہ کی جانب سے جاری ہونے والے مشترکہ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ قدس شریف پر قابض غاصب صیہونی رژیم کے ساتھ دوستانہ تعلقات استوار کرنے کے لئے جلد بازی پر مبنی بعض عرب حکومتوں کے اقدامات کوئی نئی بات نہیں بلکہ یہ آمر حکومتیں عرصۂ دراز سے غاصب صیہونی رژیم کے لئے کام رہی تھیں۔ اس بیان میں بحرین و امارات کی جانب سے غاصب صیہونی رژیم کے ساتھ دوستانہ تعلقات استوار کئے جانے کو حیران کن قرار نہ دیتے ہوئے تاکید کی گئی ہے کہ ان دونوں حکومتوں کی تاریخ امریکہ و اسرائیل کی نگرانی میں مسلم دشمنوں کے ساتھ سمجھوتوں اور امتِ مسلمہ کی پیٹھ میں خنجر گھونپنے کی کارروائیوں سے بھری پڑی ہے۔

یمن کی اعلی عسکری قیادت نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ آنے والے دنوں میں اسلامی و عرب دنیا شاید اس سے بھی زیادہ ہولناک حادثہ دیکھنے والی ہے اور وہ یہ کہ "آل سعود کی شاہی حکومت" بھی صیہونی دشمن کے ساتھ "خوف" و "رسوائی" کے عالم میں دوستی استوار کرنے والوں کی صف میں شامل ہونے جا رہی ہے جبکہ تاحال اس کی جانب سے اعلان نہیں کیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق یمن کی اعلی عسکری قیادت نے اپنے مشترکہ بیان میں تاکید کی ہے کہ جارح سعودی و اماراتی فوجی اتحاد اور ان کے گماشتوں کے خلاف لڑی جانے والی مزاحمتی جنگ فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہونے والی ہے۔
خبر کا کوڈ : 888555
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش