0
Saturday 3 Oct 2020 14:22

سی پیک کیخلاف لندن میں سازش ہو رہی ہے، شیخ رشید

سی پیک کیخلاف لندن میں سازش ہو رہی ہے، شیخ رشید
اسلام ٹائمز۔ وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ سی پیک کیخلاف لندن میں سازش ہو رہی ہے، نواز شریف سی پیک کیخلاف گٹھ جوڑ کا حصہ بن رہے ہیں، فضل الرحمان کو کہتا ہوں یہ لوگ آپ کو استعمال کر رہے ہیں، ان کی سازشوں سے بچیں۔ وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج دنیا کی عظیم فوج ہے، بی جے پی کا کارکن پاک فوج کیخلاف ہو سکتا ہے، کوئی مسلم لیگی کارکن فوج کیخلاف نہیں ہو سکتا، نواز شریف نے قومی اداروں کیخلاف اعلان جنگ کیا، نواز شریف نے پارٹی کی قیادت سنبھال لی، آج ان کو عدالتیں بری لگتی ہیں، سب جانتے ہیں نواز شریف نے محمد خان جونیجو کی پیٹھ میں چھرا گھونپا، کس طرح جسٹس سجاد علی شاہ کی عدالت میں لاہور سے بسیں بھر کر لے گئے آپ نے حملہ کرایا، اس سے بڑی توہین کیا ہوگی 22 کروڑ عوام کا وزیراعظم یو اے ای میں ملازم بھی ہو۔
 
انہوں نے کہا کہ میں اپنی بات پر قائم ہوں ن لیگ سے ش لیگ نکلے گی، نواز شریف کو اپنی بیٹی کے علاوہ کسی پر اعتبار نہیں، وزیر ریلوے شیخ رشید نے سابق وزیراعظم نواز شریف سے 30 سوالات کر دیئے، بتائیں! مودی سے تنہائی میں کیا ملاقاتیں کیں؟ آپ دوسرے ممالک میں جا کر کیوں مودی اور جندال سے رابطے کرتے تھے؟، مریم نواز بتائیں 17 ہزار والے ملازم سے 9 ارب کی ٹرانزیکشن کیسے ہوئی، مریم نواز بتائیں کہ نواز شریف نے بیرون ملک علاج کیوں نہیں کرایا، لوگوں کو بتائیں ان کے چچا پر کیا کیس تھا؟، دھیلے کی کرپشن نہیں کی، بس 9 ارب اور 3 ارب روپے تھے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ایک سال تک ان کو کیا ہوا تھا جو انہوں نے چپ کا روزہ رکھا ہوا تھا، وزیر ریلوے نے کہا کہ یہ نیب کے 38 میں سے 34 قوانین میں ترامیم چاہتے تھے، کہتے ہیں این آر او نہیں مانگا یہ تو بارگین کر رہے تھے۔
 
شیخ رشید نے کہا کہ سی پیک کیخلاف لندن میں سازش ہو رہی ہے، نواز شریف سی پیک کیخلاف گٹھ جوڑ کا حصہ بن رہے ہیں، میں نے کہا تھا کہ 4 ماہ ہیں جھاڑو پھر جائے گا، اپوزیشن کل کیا آج استعفے دے ہم الیکشن کرائیں گے، یہ خوفزدہ ہیں مارچ میں عمران خان سینیٹ میں اکثریت حاصل کر لیں گے، ن لیگ کے دن بھاری ہیں، ان میں سے آدھوں نے استعفیٰ نہیں دینا، آج پھر کہنا ہوں پیپلز پارٹی کبھی استعفے نہیں دے گی۔ وزیر ریلوے نے کہا کہ فضل الرحمان کو کہتا ہوں یہ لوگ آپ کو استعمال کر رہے ہیں، ان کی سازشوں سے بچیں، انہوں نے 2 مرتبہ پہلے بھی مولانا کو استعمال کیا۔ شیخ رشید نے کہا کہ میں ہوتا تو کسی قیمت پر بھی سزا یافتہ آدمی کو قوم سے خطاب کرنے کا موقع نہ دیتا، یہ بھگوڑا سارے سسٹم کیساتھ جھوٹ بول کر باہر بھاگا، نواز شریف آئیں گے تو جیل جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مریم صاحبہ نے پچھلی پریس کانفرنس میں مجھ پر 4 حملے کئے اگر میں کوئی خبر لے کر آ گیا تو زلزلہ آ جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 889921
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش