0
Saturday 3 Oct 2020 20:06

پاکستان کے خلاف امریکہ، برطانیہ، انڈیا، اسرائیل متحد ہیں جبکہ پاکستان کا قومی شیرازہ بکھرا ہوا ہے، لیاقت بلوچ 

پاکستان کے خلاف امریکہ، برطانیہ، انڈیا، اسرائیل متحد ہیں جبکہ پاکستان کا قومی شیرازہ بکھرا ہوا ہے، لیاقت بلوچ 
اسلام ٹائمز۔ نائب امیر جماعت اسلامی اور سیاسی انتخابی قومی امور کے صدر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ کہنے کو حکومت اور اسٹیبلشمنٹ ایک پیج پر ہیں لیکن سول، جمہوری حکومت کو ریاستی اداروں کی ہر جائز و ناجائز حمایت بھی اہل نہیں بنا رہی۔ حالات بگاڑ کا شکار ہیں، سب سے زیادہ متنازع سول ملٹری اسٹیبلشمنٹ کو بنایا جارہا ہے، یہ امر قومی سلامتی کے لیے خطرناک ہے، 2018ء کے انتخابات کا ریاستی بندوبست ناکام ہوگیا ہے۔ عمران خان سے وابستہ توقعات خاک میں مل گئی ہیں۔ قومی سطح پر یہ اتفاق کرلیا جائے کہ عوام کو بااختیار بلدیاتی نظام اور انتخابات دیے جائیں۔ انتخابات کے لیے شفاف اور غیرجانبدارانہ نظام بنایا جائے۔ اب انتخابات اور جمہوری عمل میں اسٹیبلشمنٹ کی مداخلت نہیں چلے گی اگر یہ مائنڈ سیٹ برقرار رکھا گیا تو اور زیادہ تباہی آئے گی۔

ملتان میڈیا سنٹر سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے ارکان کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہاکہ ملکی حالات گھمبیر اور خراب سے خراب تر ہو رہے ہیں۔ سیاست، حکومت اور ریاستی اداروں کے درمیان باہمی کھنچاو اور فساد کی وجہ سے قومی سلامتی، جمہوری پارلیمانی نظام، مسئلہ کشمیر، سی پیک اور ایٹمی صلاحیت کے لیے خطرات بڑھ رہے ہیں۔ پاکستان کے خلاف امریکہ، برطانیہ، انڈیا، اسرائیل متحد ہیں جبکہ پاکستان کا قومی شیرازہ بکھرا ہوا ہے۔ تمام اسٹیک ہولڈرز کو قومی ترجیحات پر قومی اتفاق رائے پیدا کرنا ہوگا۔ یہ سب سے زیادہ بڑی ذمہ داری وزیراعظم عمران خان کی ہے۔ 

لیاقت بلوچ نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کے خلاف ہمیشہ حکمران ظلم، غیرقانونی اور غیرآئینی راستہ اختیار کرتے ہیں اس سے خود آمرانہ ذہنیت کو رسوائی ملتی ہے، اپوزیشن جماعتوں نے اپنی اے پی سی میں خود ہی کوہ ہمالیہ سے بلند سیاسی اہداف مقرر کر لیے ہیں اب اس ایجنڈے پر عمل کرنا بھی اپوزیشن جماعتوں کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی عوامی مسائل اور غیرآئینی نظام کے خلاف جدوجہد جاری رکھے گی۔ چودہ اکتوبر کو عوام کو درپیش مسائل اور کراچی سے یکجہتی کے اظہار کے لیے ملک گیر احتجاج کیا جائے گا۔ جماعت اسلامی کشمیریوں اور پاکستان کے غریب عوام کو لاوارث نہیں چھوڑے گی۔
خبر کا کوڈ : 889983
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش