0
Tuesday 13 Oct 2020 21:00

علی زیدی کے پاس کچھ نہیں، وہ جھوٹ بیچ رہے ہیں، مفتاح اسماعیل

علی زیدی کے پاس کچھ نہیں، وہ جھوٹ بیچ رہے ہیں، مفتاح اسماعیل
اسلام ٹائمز۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیر خزانہ مفتاح اسمٰعیل نے کہا ہے کہ علی زیدی پہلے بھی اسی طرح کے الزامات عائد کرچکے ہیں، علی زیدی کے پاس کچھ نہیں ہے تو وہ جھوٹ بیچ رہے ہیں۔ وفاقی وزیر علی زیدی کی جانب سے کرپشن کا الزام عائد کرنے پر مفتاح اسمٰعیل کا ردِعمل بھی سامنے آگیا۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ علی زیدی ڈھائی سال پہلے بھی جھوٹا الزام لگا چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پہلے بھی علی زیدی کو الزام واپس لینے کا لیٹر دکھا چکا ہوں۔ مفتاح اسمٰعیل نے کہا کہ پہلے بھی علی زیدی سے دس لاکھ روپے کی شرط لگائی تھی، وہ پیچھے ہٹ گئے۔ لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ علی زیدی کے پاس کچھ نہیں ہے تو وہ جھوٹ بیچ رہے ہیں۔

واضح رہے کہ علی زیدی نے ایک مرتبہ پھر لیگی رہنما اور سابق وزیر خزانہ مفتاح اسمٰعیل پر کرپشن کا الزام عائد کیا تھا۔ سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں وفاقی وزیر بحری امور نے کہا تھا کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کے مبینہ خط میں اربوں روپے ٹیکس چوری کا حوالہ موجود ہے۔ تاہم اس پر ردِ عمل دیتے ہوئے مفتاح اسمٰعیل کا کہنا تھا کہ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل جسے جھوٹ قرار دے چکی، علی زیدی کو اس جھوٹ کی پھر سے تشہیر کرتے شرم آنی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ 2015ء میں یہ شکایت خط کی شکل میں ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کو بھجوائی گئی تھی، ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل نے تحقیق کے بعد اس شکایت کو جھوٹ قرار دیا تھا۔

سابق وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ ساکھ رکھنے والے عالمی ادارے سے جھوٹ کی سند پانے والی شکایت کی پھر سے تشہیر سے علی زیدی پھر جھوٹے ثابت ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ ردی کی ٹوکری سے نکالنے والی شکایات کی پھر سے تشہیر سے ظاہر ہورہا ہے کہ علی زیدی کے جھوٹ ختم ہوگئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان اور ان کے ترجمان جھوٹ کو سچ سمجھ کر بولتے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ میڈیا سے درخواست ہے عمران خان اور ان کے جھوٹے ترجمانوں کے بیانات کی پہلے تصدیق کرلیا کریں۔
خبر کا کوڈ : 891887
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش