0
Saturday 17 Oct 2020 21:17

چاند نظر نہیں آیا، یکم ربیع الاول سوموار کو ہوگی، شیعہ رویت ہلال کمیٹی کا اعلان

چاند نظر نہیں آیا، یکم ربیع الاول سوموار کو ہوگی، شیعہ رویت ہلال کمیٹی کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ ادارہ منہاج الحسینؑ لاہور میں رویت ہلال کمیٹی پاکستان کے تمام مرکزی، صوبائی اراکین، علماء اور ماہرین فلکیات کا آن لائن اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کے بعد ممتاز عالم دین علامہ ڈاکٹر محمد حسین اکبر نے اعلان کیا کہ پورے پاکستان سے رویت ہلال کے حوالے سے ماہ ربیع الاول کا چاند نظر آنے کی کوئی شرعی گواہی موصول نہیں ہوئی، لہذا متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ یکم ربیع الاول 1442 ھجری مطابق 19 اکتوبر 2020ء بروز سوموار ہوگی۔ اجلاس میں علامہ ڈاکٹر محمد حسین اکبر کے علاوہ  علامہ سید افتخار حسین نقوی، علامہ سید ارشاد حسین نقوی، علامہ محمد افضل حیدری، علامہ فخر الحسن کراروی، علامہ محمد جمعہ اسدی، پیر سید انتظار حسین زنجانی، علامہ کرم علی حیدری اور ملک بھر سے کئی علماء اور ماہرین فلکیات نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔

اجلاس کے بعد ڈاکٹر محمد حسین اکبر نے ’’اسلام ٹائمز‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ سرکاری رویت ہلال کمیٹی کی چیئرمین شپ ایک متنازع شخص مفتی منیب الرحمان کے پاس ہے، ہم ایسے متنازع اور یزید کے حامی مفتی کی سربراہی میں رویت ہلال کمیٹی کو تسلیم نہیں کرتے اور گذشتہ ماہ سے اس کے بائیکاٹ پر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے حکومت کو اپنے مطالبات بھجوا دیئے ہیں، جن میں کہا گیا ہے کہ مفتی منیب الرحمان کو رویت ہلال کمیٹی کی سربراہی سے ہٹا کر کسی غیر متنازع شخص کو تعینات کیا جائے۔ علامہ محمد حسین اکبر نے کہا کہ جب تک چیئرمین رویت ہلال کمیٹی تبدیل نہیں ہوتا، شیعہ ارکان کمیٹی اجلاسوں میں شریک نہیں ہوں گے، اسی طرح ہم الگ سے چاند دیکھنے کیلئے اجلاس بلاتے رہیں گے اور شرعی قواعد پورے ہونے پر ہی رویت ہلال کا اعلان کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 892615
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش