1
Monday 19 Oct 2020 12:36

کیپٹن (ر) صفدر کی گرفتاری ریاستی دہشتگردی ہے، محمد زبیر

کیپٹن (ر) صفدر کی گرفتاری ریاستی دہشتگردی ہے، محمد زبیر
اسلام ٹائمز۔ کیپٹن (ر) صفدر کی گرفتاری ریاستی دہشت گردی ہے، مقدمات یا گرفتاریوں سے ڈرنے والے نہیں، سب سامنے آجائے گا، سندھ حکومت پر کس طرح دباؤ ڈالا گیا۔ مسلم لیگ نواز کے رہنماء اور مریم نواز کے ترجمان محمد زبیر کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا ہے ان پر دباؤ ڈالا گیا ہے، مراد علی شاہ نے کہا کہ پولیس پر ریاست کا شدید دباؤ ہے۔ محمد زبیر نے عزیز بھٹی تھانے کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے بات ہوئی ہے، اُن کا کہنا ہے کہ گرفتاری میں سندھ حکومت کا کوئی ہاتھ نہیں۔ محمد زبیر نے کہا کہ ریاست کی جانب سے ایسا آپریشن کیا گیا، جیسے دشمنوں کے ساتھ کیا جاتا ہے، کیپٹن (ر) صفدر کو غیر قانونی طریقے اور غلط دفعات لگا کر گرفتار کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ میں سابق گورنر ہوں اور مجھ کو تھانے کے اندر نہیں جانے دیا گیا، وکلاء تک کو تھانے کے اندر نہیں جانے دیا گیا، نہ ہی ملاقات کرنے دی گئی۔

محمد زبیر نے بتایا کہ کیپٹین (ر) صفدر کو دروازے توڑ کر گرفتار کیا گیا، ہم سیاسی لوگ ہے، سیاسی طور پر جواب دیں گے، وفاقی حکومت اوچھے ہتکھنڈے استعمال کر رہی ہے۔ انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کیا قائداعظم کے خلاف نعرے لگائے تھے کہ مقدمہ کر دیا گیا، محترمہ فاطمہ جناح زندہ باد کے نعرے پر توہین کیسے ہوگئی۔؟ سابق گورنر سندھ محمد زبیر  نے یہ بھی کہا کہ ہماری پہلی ترجیح کیپٹن (ر) صفدر کی ضمانت ہے، مقدمے کے محرکات سمجھنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کیپٹن (ر) صفدر کی جانب سے مزار قائد پر نعرے لگانے کا معاملہ بہت پیچھے رہ گیا ہے، مقدمے میں نہ جانے کیوں قتل کی دھمکی کی دفعہ شامل کی گئی ہیں۔ محمد زبیر نے کہا کہ اگر ایک گھنٹے میں کیپٹن (ر) صفدر سے ملاقات نہ کرائی گئی تو سیاسی ردعمل دیں گے، ہم ایک گھنٹے میں تمام تفصیلات بتائیں گے کہ کیا واقعہ ہوا۔
خبر کا کوڈ : 892853
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش