0
Tuesday 20 Oct 2020 15:03

کوئٹہ جلسے کی تیاریاں پی ڈی ایم رہنماؤں کی انتظامیہ سے ملاقات، سکیورٹی معاملات پر گفتگو

کوئٹہ جلسے کی تیاریاں پی ڈی ایم رہنماؤں کی انتظامیہ سے ملاقات، سکیورٹی معاملات پر گفتگو
اسلام ٹائمز۔ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے زیر اہتمام 25 اکتوبر کوئٹہ کے عظیم الشان جلسہ عام کی تیاریوں کے سلسلے پی ڈی ایم جلسے کی انتظامیہ اور فنانس کمیٹی کا اجلاس بی این پی کے رہنما اور ایم پی اے اختر حسین لانگو کی زیرصدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری اور رکن صوبائی اسمبلی نصراللہ خان زیرے، عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری مابت کاکا، جمعیت علماء اسلام (ف) کے رہنما اور سابق ایم پی اے خلیل دومڑ، کاظم خان، نیشنل پارٹی کے علی احمد لانگو، مسلم لیگ نواز کے نصیر خان کاکڑ، پیپلز پارٹی کے حیات خان اچکزئی نے شرکت کی۔ اجلاس میں جلسے کے سٹیج کی تیاری، ساونڈ سسٹم، پینا فلیکس اور دیگر معاملات پر سیر حاصل بحث کی گئی اور فیصلہ کیا گیا کہ 25 اکتوبر کے عظیم الشان جلسہ عام کی تیاریوں کے سلسلے میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

اجلاس میں کہا گیا ہے کہ جلسہ عام کو کامیاب بنانے کے لیے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائیگا۔ بعد میں ایم پی اے اختر حسین لانگو کی جانب سے اجلاس کے شرکاء کے اعزاز میں پرتکلف ظہرانہ دیا گیا۔ علاوہ ازیں مذکورہ کمیٹی نے پولیس انتظامیہ سے تفصیلی میٹنگ کی اور جلسے کی سکیورٹی اور پارکنگ کے حوالے سے فیصلے ہوئے اور پولیس کے ایس ایس پی آپریشن اور ایس پی سکیورٹی موجود تھے۔ علاوہ ازیں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کی سب کمیٹی برائے رابطہ مہم کا اجلاس پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ میں مسلم لیگ نون بلوچستان کے سینئر نائب صدر نسیم الرحمٰن ملاخیل کی زیر صدارت منعقد ہوا۔

اجلاس میں پشتونخوا میپ کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری فقیر خوشحال کاسی، جمعیت علمائے اسلام ضلع کوئٹہ کے سیکرٹری بشیر احمد کاکڑ، پیپلز پارٹی کے فنانس سیکرٹری حاجی محمد انور مینگل، عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی آفس سیکرٹری سمیع آغا، نیشنل پارٹی کے مرکزی کمیٹی کے رکن عبدالستار بلوچ، قومی وطن پارٹی کے شیر محمد درانی او رروح اللہ داوی نے شرکت کی۔ اجلاس میں پی ڈی ایم کی سب کمیٹی برائے رابطہ مہم کی تشکیل دی گئی جو صوبے اور ضلع کوئٹہ کے وکلاء بار کونسلز، انجمن تاجران، مختلف ایسوسی ایشنز، یونینز، کونسلز، سوشل تنظیموں کو پی ڈی ایم کے زیراہتمام کوئٹہ میں منعقد ہونیوالے 25 اکتوبر کے جلسہ عام میں شرکت کی دعوت دینگے۔ اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ پی ڈی ایم میں شامل سیاسی جمہوری جماعتیں پی ڈی ایم کی مختلف سب کمیٹیوں کے اجلاس میں بروقت اپنی حاضری کو یقینی بنائیں۔

اس موقع پر صدر اجلاس نسیم الرحمٰن ملاخیل نے کہا کہ پی ڈی ایم کے گوجرانوالہ اور کراچی کے عظیم الشان جلسوں کی کامیابی کا سہرا پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کے سیاسی کارکنوں کی محنت کو جاتا ہے۔ جنہوں نے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے دن رات اس کیلئے محنت کی اور عوام کی شرکت کو یقینی بنایا۔ انہوں نے کہا کہ اب 25 اکتوبر کو کوئٹہ میں منعقد ہونیوالے جلسہ عام کی کامیابی ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اس کیلئے بھرپور تیاری کریں۔ اور یہ جلسہ صوبے اور ملک کی تاریخ کا سب سے عظیم الشان جلسہ ثابت ہو۔ انہو ں نے کہا کہ پی ڈی ایم کے جلسوں میں عوام کی بھرپور شرکت سلیکٹڈ حکومتوں سے بیزرای کا ثبوت ہے اور عوام ان سلیکٹڈ حکمرانوں سے نجات حاصل کرنا چاہتی ہے، جن کی نااہلی اور ناکامی نے ملک کے عوام کو شدید اذیت سے دوچار کر رکھا ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ جلسہ گاہ میں اپنی شرکت کو بھرپور یقینی بنائیں۔
خبر کا کوڈ : 893100
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش