0
Friday 30 Oct 2020 00:20

گستاخانہ خاکوں کو پیش کرکے مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کیا گیا ہے، شاہ محمود قریشی 

گستاخانہ خاکوں کو پیش کرکے مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کیا گیا ہے، شاہ محمود قریشی 
اسلام ٹائمز۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ گستاخانہ خاکوں کے بعد فرانس سے تعلقات کے حوالے سے گفتگو ہو رہی ہے، فرانس کے ساتھ تعلقات کے لئے مشترکہ لائحہ عمل او آئی سی کے اجلاس میں طے کیا جائے گا۔ گستاخانہ خاکوں کو پیش کرکے مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کیا گیا ہے، اسلام فوبیا کے بڑھتے ہوئے روجحانات پر وزیراعظم پاکستان نے مسلم ممالک کے سربراہان کو خط لکھے ہیں جس میں انہوں نے سمجھانے کی کوشش کی ہے کہ ہم حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم سے محبت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فرانس سمیت پوری دنیا میں مسلمان بستے ہیں، گستاخانہ خاکوں کی اشاعت سے سب کی دل آزاری ہوئی ہے اور تشویش پائی جاتی ہے، دنیا کو آزادی اظہار رائے پر ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی حق خود ارادیت کی تحریک کے لئے پوری قوم متحد ہے، کشمیر میں بسنے والے مسلمانوں سے اظہارِ یکجہتی کے لئے 27 اکتوبر کو پوری دنیا میں تقاریب کا انعقاد کیا گیا۔ ہماری حکومت کے اقدامات کی بدولت 64 سال بعد مسئلہ کشمیر سلامتی کونسل میں زیر بحث آیا۔ کشمیر کا مسئلہ ایک خطے کا نہیں بلکہ ایک عالمی مسئلہ بن چکا ہے۔ ہم کشمیریوں کی سفارتی و اخلاقی مدد جاری رکھیں گے اور کشمیریوں کی آواز کو ہر سطح پر اجاگر کرتے رہیں گے۔

 انہوں نے کہا کہ حضور پاک کی شان میں گستاخی کسی صورت برداشت نہیں، گستاخانہ خاکوں کی اشاعت سے مسلم امہ میں تشویش پائی جاتی ہے، وزیراعظم عمران خان نے اس حوالے سے مسلم ممالک کے سربراہان کو بذریعہ خط اپنی تشویش سے آگاہ کیا ہے۔ انہوں نے 11 سے 18 ربیع الاول ہفتہ میلاد النبی سے منسوب کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رسول پاک کی ولادت کی خوشی منانا ہمارے ایمان کا بنیادی جز ہے، نبی پاک کی محبت کے بغیر ہمارا ایمان مکمل نہیں ہوسکتا۔ آج پوری دنیا میں نبی پاک کی ولادت کی تقریبات منائی جا رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ حضور نبی کریم کی تشریف آوری کائنات پر رب کریم کا احسان ہے، آج کے پرآشوب دور میں انسان نفسا نفسی کا شکار ہو کر عشق رسول سے دور ہوتا چلا جا رہا ہے جس کی وجہ سے معاشرے میں بدامنی، انتہاپسندی جیسے روجحانات فروغ پا رہے ہیں۔ رسول (ص) کی تعلیمات پر عمل کرکے ہم انتہا پسندی، فرقہ واریت اور دوسری معاشرتی برائیوں سے محفوظ رہ سکتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 894831
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش