0
Thursday 5 Nov 2020 00:16

فرانس واقعہ پر 57 اسلامی ممالک میں صرف ترکی، ایران اور پاکستان نے آواز بلند کی، نور الحق قادری

فرانس واقعہ پر 57 اسلامی ممالک میں صرف ترکی، ایران اور پاکستان نے آواز بلند کی، نور الحق قادری
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان اور ملی یکجہتی کونسل کے زیراہتمام رحمت للعالمینۖ وحدت کانفرنس کا انعقاد اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں ہوا، جس میں ایم ڈبلیو ایم، ملی یکجہتی کونسل، جماعت اسلامی، شیعہ علماء کونسل، پاکستان عوامی تحریک اور مختلف مذہبی جماعتوں کے رہنمائوں سمیت کثیر تعداد میں مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔ وفاقی وزیر برائے مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وحدت و اخوت کے حوالے سے علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ متشدد رویوں اور مذہبی منافرت کی فضا کو ختم کرنے کے لیے ملی یکجہتی کونسل اور علماء کا کردار ہمیشہ جاندار رہا۔ شیعہ سنی اور صوفی و سلفی کے نام پر دنیا میں جو آگ لگائی جا رہی ہے، اس کے لیے ہمیں پیش بندی کی ضرورت ہے۔

وزیر مذہبی نے کہا کہ شیعہ سنی اختلافات صدیوں سے موجود ہیں جن کو چھیڑنے کی بجائے مشترکات پر یکجا ہونا ہوگا۔ مذہبی نفاق کی راہ روکنے کی ذمہ داری ریاست کے ساتھ ساتھ علما کی بھی ہے۔ کافرکافر کے جواب میں بھائی بھائی کے موثر بیانیے کی ترویج ہونی چاہیے۔ اسلامو فوبیا کے حوالے سے عالمی فورمز پر وزیراعظم عمران خان کا موقف امت مسلمہ کی ترجمانی کرتی ہے۔ فرانس کے واقعہ پر پوری دنیا میں سے صرف تین اسلامی ممالک  ترکی، ایران اور پاکستان نے آواز بلند کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وحدت و اخوت کے لیے منعقدہ یہ کانفرنس ایک بہترین پیغام ہے۔
خبر کا کوڈ : 895956
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش