0
Friday 6 Nov 2020 00:12

گندم و چینی کی دستیابی اور قیمتوں کی خود نگرانی کر رہا ہوں، عمران خان

گندم و چینی کی دستیابی اور قیمتوں کی خود نگرانی کر رہا ہوں، عمران خان
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اس وقت تمام معاشی اعشاریے مثبت سمت میں ہیں اور حکومت کی بھرپور کوشش ہے کہ معاشی میدان میں اس مثبت پیش رفت کے ثمرات کا فائدہ عوام کو میسر آئے۔ وزیراعظم کی زیر صدارت اشیائے ضروریہ کی دستیابی اور قیمتوں پر کنٹرول کے حوالے سے اٹھائے جانے والے اقدامات سے متعلق جائزہ اجلاس ہوا۔ اجلاس کو چیف سیکرٹری پنجاب نے گندم اور چینی کی صوبے میں دستیابی اور قیمتوں کے بارے تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ آٹے کی دستیابی کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضلعی انتظامیہ کے افسران مسلسل مانیٹرنگ کر رہے ہیں۔ فلور ملز مالکان سے تفصیلی مشاورت کی گئی ہے۔ چیف سیکرٹری پنجاب نے یقین دہانی کرائی کہ یومیہ 25,000 ٹن گندم کی پسائی اور مارکیٹ میں دستیابی کو یقینی بنایا جائے گا۔ وزیراعظم نے صوبوں کو ہدایت کی کہ آٹے اور چینی کی صورت حال پر مسلسل نظر رکھی جائے اور مستقبل کی ضروریات کے پیشگی انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔

درآمد شدہ چینی کی ملک کے مختلف حصوں میں ترسیل کے حوالے سے انتظامات کو یقینی بنایا جائے، تاکہ ترسیل کا عمل کسی تاخیر کا شکار نہ ہو۔ چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا نے اجلاس کو بتایا کہ صوبے کی اس وقت یومیہ 11,000 ٹن گندم کی کھپت ہے اور 11 لاکھ ٹن اسٹاک میں موجود ہے۔ آٹے کی قیمتوں کے حوالے سے فلور ملز کی جانب سے 10 سے 50 روپے فی 20 کلو تھیلے پر کمی کی آمادگی ظاہر کی گئی ہے۔ منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف 2400 ایف آئی آر درج کی جاچکی ہیں۔ چیف سیکرٹری نے یقین دہانی کرائی کہ صوبائی حکومت کی جانب سے 5000 ٹن یومیہ گندم کی ریلیز یقینی بنائی جائے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ اشیائے ضروریہ کی دستیابی اور قیمتوں کا تعین صوبائی اختیار ہے، مگر غریب عوام کی سہولت مدنظر رکھتے ہوئے وہ خود اس امر کی نگرانی کر رہے ہیں اور حکومت کی ہر ممکنہ کوشش ہے کہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 896149
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش