0
Friday 6 Nov 2020 22:30

استعماری طاقتیں اسلام اور اسلامی تعلیمات کا اصل چہرہ مسخ کرنا چاہتی ہیں، مشتاق خان

استعماری طاقتیں اسلام اور اسلامی تعلیمات کا اصل چہرہ مسخ کرنا چاہتی ہیں، مشتاق خان
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ اسلام دنیا کی امامت اور قیادت کرنے کیلئے دنیا میں نبی مہربان (ص) کے ذریعے سے بھیجا گیا ہے جو کہ ایک مکمل ضابطہ حیات اور زندگی کے تمام پہلوؤں کا احاطہ کرتا ہے۔ دین و دنیا یا ریاست و مذہب کی تفریق کا اسلام میں کوئی تصور نہیں ہے، یہ تصور مغربی دنیا کا ہے جو اس وقت ابھرا جب مسلمان دنیا کی امامت سے معزول ہو گئے تھے۔ نبی مہربان (ص) کی زندگی قیامت تک عالم انسانیت کیلئے بہترین نمونہ ہے۔ اسلامی نظام کی جدوجہد، دین کے غلبہ کیلئے کوشش اور اسلامی ریاست کے قیام کیلئے سعی حضرت محمد ﷺ کے مشن کی اتباع اور دینی فریضہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن کے زیراہتمام کویت ہسپتال پشاور میں منعقدہ سیرت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ اسلامی ریاست کے بنیادی فرائض میں پہلا فرض یہ ہے کہ ریاست انسان کا تعلق رب کائنات کے ساتھ جوڑتی ہے اور ایسا ماحول فراہم کرتی ہے جس میں دعوت الی اللہ کا فروغ ہو، نیکی کرنا آسان اور سہل ہو، اس کے ساتھ، ساتھ استحصال سے پاک ایسا نظام قائم کرتا ہے جس میں کسی قسم کا معاشی، معاشرتی اور سیاسی استحصال نہ ہو۔ انصاف، عدل اور قانون کی بالادستی اور فراوانی ہو۔ انہوں نے کہا کہ اس کے ساتھ، ساتھ خیر اور بھلائی کی تلقین ہو اور شر و منکرات کو روکنا شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ مغربی استعماری طاقتیں اسلام اور اسلامی تعلیمات کا اصل چہرہ  اور روح مسخ کرنا چاہتی ہیں۔ اسلام وہ پہلا مذہب ہے جس نے اس دنیا میں انسانی حقوق کے تحفظ کا تصور پیش کیا۔ جس نے انصاف کی فراہمی اور قانون کی بالادستی کا عملی نفاذ ممکن بنایا۔
خبر کا کوڈ : 896308
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش