0
Wednesday 11 Nov 2020 22:48

ایرانی وزیر خارجہ کی وزیراعظم عمران خان سے ملاقات، صدر حسن روحانی کا پیغام پہنچایا

ایرانی وزیر خارجہ کی وزیراعظم عمران خان سے ملاقات، صدر حسن روحانی کا پیغام پہنچایا
اسلام ٹائمز۔ پاکستان اور ایران نے افغانستان سمیت خطے میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششیں کرنے پر اتفاق کر لیا۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف نے ملاقات کی۔ وزیراعظم عمران خان نے جواد ظریف کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ایران کے قریبی اور خوش گوار تعلقات ہیں اور دونوں ممالک کو مشترکہ مفادات کے لیے دو طرفہ تعاون کو مزید مستحکم کرنا چاہیئے۔ بیان کے مطابق وزیراعظم نے اس موقع پر ایران میں کووڈ-19 سے ہونے والے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا اور پاکستان کے اقدامات سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے کووڈ-19 کے حوالے سے پاکستان کے اقدامات سے متعلق بتایا کہ اسمارٹ لاک ڈاؤن کی حکمت عملی اپنائی گئی اور حکومت کی جانب سے کیے گئے دیگر اقدامات کے باعث پاکستان میں وبا کو روک لیا گیا۔ انہوں نے باہمی تجارت اور معاشی تعلقات سمیت دوطرفہ تعلقات میں بہتری کی ضرورت پر زور دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ خطے میں امن، سلامتی اور ترقی کے لیے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ افغانستان میں امن کے لیے پاکستان کی کوششوں کو نمایاں کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ افغان مسئلے کا عسکری حل نہیں ہے۔ انہوں نے بین الافغان امن عمل میں تعاون کے عزم کو دہرایا اور امید ظاہر کی کہ تمام فریقین افغانستان میں سیاسی حل کے تاریخی موقع سے فائدہ اٹھائیں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ افغانستان میں امن پورے خطے کے لیے سود مند ہوگا اور اس سے تجارت اور معاشی تعاون کے ساتھ ساتھ علاقائی رابطہ کاری کے لیے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ وزیراعظم ہاؤس کے مطابق اس موقع پر جواد ظریف نے ایرانی صدر حسن روحانی کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کے ساتھ مل کر مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو مزید بہتر کرنے کے لیے کام کرنے کا عزم دہرایا۔ جواد ظریف نے مسئلہ کشمیر پر ایران کے مکمل تعاون کا عزم دہرایا۔ نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعظم عمران خان کو ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف نے صدر حسن روحانی کا پیغام پہنچا دیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 897280
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش